کورونا قواعد پر عائد پابندی میں توسیع نہیں!

   

محکمہ صحت کے عہدیداروں کا اظہار لاعلمی، عوام سے احتیاط برتنے کی اپیل

حیدرآباد۔2فروری(سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ میں کورونا وائرس سے محفوظ رہنے کیلئے جاری کئے گئے رہنمایانہ خطوط اور پابندیوں کی مدت ختم ہو جاچکی ہے! حکومت تلنگانہ نے ریاست میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں ہونے والے اضافہ کو دیکھتے ہوئے یکم جنوری 2022 کو جی او ایم ایس نمبر 1 جاری کرتے ہوئے ماسک کے لزوم‘ سماجی فاصلہ کے علاوہ مذہبی ‘ سیاسی اجتماعات کے علاوہ دیگر پابندیاں عائد کی گئی تھیں اور ان پابندیوں میں ایک مرتبہ توسیع کرتے ہوئے اسے 31جنوری تک برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا تھا لیکن اب ریاستی حکومت کی جانب سے 31جنوری کے بعد کوئی توسیع نہیں کی گئی ہے ۔ریاستی حکومت کی جانب سے کورونا وائرس کے رہنمایانہ خطوط سے دستبرداری کے سلسلہ میں کوئی واضح احکام جاری نہیں کئے گئے ہیں لیکن جو او ایم ایس نمبر 1 میں کسی قسم کی توسیع نہ کئے جانے سے یہی اشارے مل رہے ہیں کہ ریاست میں اب کوئی قواعد باقی نہیں ہیں اور نہ ہی اجتماعات پر کسی قسم کی پابندی برقرار ہے۔ محکمہ صحت کے عہدیداروں سے استفسار پر محکمہ کے عہدیداروں نے بتایا کہ ریاست میں کورونا وائرس سے عوام کو محفوظ رکھنے کے لئے جو پابندیاں عائد کی گئی تھیں ان میں توسیع نہ کئے جانے کے متعلق وہ لاعلم ہیں اور عوام سے اپیل کر رہے ہیں وہ ان پابندیوں پر آئندہ دو ہفتوں کے لئے عمل کریں لیکن حکومت کی جانب سے پابندیوں میں توسیع کے سلسلہ میں فیصلہ نہیں کیا گیا ہے اس اعتبار سے اب ماسک کا لزوم ‘ سماجی فاصلہ کی برقراری کے علاوہ اجتماعات پر عائد پابندی ختم ہوچکی ہے۔ ذرائع سے موصولہ اطلاعات کے مطابق ریاستی حکومت کی جانب سے جی او ایم ایس نمبر 1 میں توسیع نہ کرنے کا فیصلہ شہر حیدرآباد کے نواحی علاقہ میں 5 فروری کو منعقد ہونے والی ایک عظیم الشان مذہبی تقریب و اجتماع کو نظر میں رکھتے ہوئے کیا گیا ہے اور اس پروگرام میں وزیر اعظم نریندر مودی کی شرکت متوقع ہے ۔ بتایاجاتا ہے کہ ریاستی حکومت کی جانب سے کورونا وائرس کے سلسلہ میں عائد کردہ پابندیوں کو ختم کرنے کے سلسلہ میں کوئی احکام جاری نہیں کئے گئے ہیں لیکن آئندہ چند یوم مریضوں کی تعداد کا مشاہدہ کرنے کے بعد پابندیوں کی برقراری یا برخواستگی کے سلسلہ میں قطعی فیصلہ کیا جائے گا لیکن جی او میں توسیع نہ کئے جانے پر یہ کہا جا رہاہے از روئے قانون فی الحال ریاست میں کورونا وائرس کے سلسلہ میں کوئی پابندیاں باقی نہیں ہیں اور اجتماعات کے انعقاد کی اجازت حاصل ہے۔م