کورونا متاثرین 78,000 سے متجاوز، متوفی مریضوں کی تعداد 2,549

,

   

نئی دہلی۔14 مئی (سیاست ڈاٹ کام)ملک میں عالمی وبا کورونا وائرس کا انفیکشن تیزی سے پھیل رہا ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا وائرس کے 3722 نئے کیسیس سامنے آنے سے متاثرین کی تعداد 78003 ہو گئی اور اس دوران 134 افراد کے ہلاک ہونے سے ہلاک شدگان کی تعداد 2549 تک پہنچ گئی اور 1849 لوگوں کے انفیکشن سے ٹھیک ہونے سے ٹھیک ہوئے لوگوں کی تعداد بڑھ کر 26,235 ہوگئی ۔متاثرین کی تعداد 78 ہزار سے تجاوز کرنے کے بعد ہندوستان 50 ہزار سے زائد کیسیس والے ممالک کی فہرست میں 12 ویں مقام پر پہنچ گیا ہے ۔مرکزی وزارت برائے صحت اور خاندانی بہبود کی جانب سے جمعرات کی صبح جاری عداد و شمار کے مطابق ملک کی مختلف ریاستوں اور مرکز کے زیرِ انتظام علاقوں میں اب تک 78003 افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوئے ہیں اور 2,549افراد فوت ہوئے ہیں ۔ وہیں اب تک کورونا کے 26235 مریض صحت یاب بھی ہوئے ہیں اور انہیں مختلف دواخانوں سے فارغ کر دیا گیا ہے ۔ملک میں کورونا وائرس سے سب سے زائد مہاراشٹر متاثر ہوا ہے اور اس کی وجہ سے ریاست کی حالت مسلسل بگڑ رہی ہے ۔ مہاراشٹر میں 25922 افراد اس کی گرفت میں آ چکے ہیں اور 975 افراد ہلاک ہوچکے ہیں ۔ وہیں ریاست میں 5547 مریض صحت یاب بھی ہوئے ہیں ۔کورونا وائرس سے متاثر ہونے کے معاملے میں ملک کی مغربی ریاست گجرات دوسرے مقام پر ہے ۔ گجرات میں اب تک 9267 افراد اس وبا سے متاثرہ ہوئے ہیں اور 566 ہلاکتیں ہوئی ہیں 3562 افراد کو علاج کے بعد مختلف دواخانوں سے چھٹی دے دی گئی ہے ۔ ٹاملناڈو میں بھی کووڈ -19 متاثرین کی تعداد نو ہزار سے بڑھ کر 9227 تک پہنچ گئی ہے اور اس وائرس سے64افراد ہلاک ہوچکے ہیں ۔ وہیں 2176افراد صحتیاب بھی ہوئے ہیں ۔قومی دارالحکومت دہلی کی بھی حالت اس جان لیوا وائرس کی وجہ سے تشویشناک بنی ہوئی ہے ۔ یہاں متاثرین کی تعداد 8,000 کے قریب پہنچ گئی ہے ،اب تک 7998 افراد متاثر ہوئے ہیں اور 20 مریضوں کے ہلاک ہونے کے ساتھ ہلاک شدگان کی تعداد 106 تک پہنچ گئی ہے اور 2858 افراد کو علاج کے بعد دواخانوں سے فارغ کر دیا گیا ہے۔ راجستھان میں بھی کورونا وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے ۔ یہاں کورونا وائرس متاثرین کی تعداد چار ہزار سے تجاوز کر گئی ہے اور یہ تعداد 4328 تک پہنچ گئی ہے اور 121 افراد ہلاک ہوئے ہیں، وہیں ریاست میں 2459 افراد سے صحتیاب بھی ہوئے ہیں۔