نئی دہلی ۔ کانگریس لیڈر پرینکا گاندھی واڈرا نے آج میڈیا رپورٹس کا حوالہ دیتے ہوئے الزام عائد کیا کہ چیف منسٹر اترپردیش آدتیہ ناتھ نے انتخابی ریلیوں میں شرکت کرتے ہوئے غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کیا ہے کیونکہ وہ ایک کورونا متاثر شخص سے رابطہ میں آئے تھے ۔ انہوں نے یہ بھی الزام عائد کیا کہ اترپردیش میں شمشان اور دواخانوں میں طویل قطاریں دیکھی جا رہی ہیں اور ان سے بھی عوام میں خوف پیدا ہو رہا ہے ۔ پرینکا گاندھی نے ٹوئیٹ کرتے ہوئے میڈیا رپورٹ کا حوالہ دیا اور کہا کہ چیف منسٹر آدتیہ ناتھ کورونا سے متاثر شخص کے رابطے میں آنے کے باوجود انتخابی ریلیوں میں شرکت کر رہے ہیں۔ ان کے دفتر سے کورونا اموات پر غلط اطلاعات دی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لکھنو میں شمشان اور دواخانوں کے باہر طویل قطاریں ہیں۔ اس سے عوام میں خود پیدا ہو رہا ہے ۔ چیف منسٹر کو جوابدہی اور شفافیت کے ساتھ کام کرنا چاہئے تھا لیکن وہی غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔