کورونا مریضوں میں صحت یابی اور موت کا تناسب 80 اور 20 فیصد

,

   

Ferty9 Clinic

٭ انڈیا کووِڈ۔19 ویکسین کی تیاری میں مصروف ۔ کورونا کیسوں کی تعداد میں 40% گراوٹ ۔ وزارت صحت کا بیان

نئی دہلی ، 17 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) مرکزی وزارت صحت نے آج کہا کہ انڈیا میں کووِڈ ۔ 19 کیسوں کی تعداد میں 40% گراوٹ آئی ہے۔ یہ بلاشبہ کورونا وائرس کے خلاف جاری لڑائی میں حوصلہ افزاء تبدیلی ہے جبکہ حکومت نے اس مرض کی ویکسین جلد از جلد تیار کرنے میں اپنی کوششیں تیز کردیئے ہیں۔ وزارت صحت و خاندانی بہبود کے جوائنٹ سکریٹری لوو اگروال نے معمول کی بریفنگ میں آج میڈیا کو بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 1,007 مثبت کیس اور 23 اموات درج ہوئے ہیں۔ انھوں نے یہ بھی کہا کہ ابھی تک 1,749 مریض اس مہلک وبائی بیماری سے صحت یاب ہوچکے ہیں۔ کووڈ۔19 کے خلاف ہندوستان کی لڑائی درست سمت میں جاری ہے۔ دریں اثناء انوکھے کورونا وائرس نے عالمی سطح پر زائد از 2 ملین (20 لاکھ) افراد کو متاثر کیا اور 140,000 سے زیادہ جانیں لی ہیں۔ امریکہ میں جمعرات کو ایک روز میں ریکارڈ اموات درج ہوئیں، جو 4,491 اضافے کے ساتھ مجموعی طور پر 32,000 کو تجاوز کرگئی ہیں۔ جہاں انڈیا کا معاملہ ہے ابھی تک 13,387 مصدقہ کیس درج ہوئے ہیں۔ ملک میں وبا کا اثر نوٹ کئے جانے کے بعد سے اب تک متاثرین کے بڑھنے کی شرح دیکھیں تو 40 فیصد گراوٹ آئی ہے۔ جملہ مریضوں میں سے 1,749 کو علاج کے ذریعے صحت یاب کرتے ہوئے دواخانوں سے ڈسچارج کردیا گیا۔ اس طرح جملہ کیسوں کے نتائج کا تجزیہ کریں تو 80% صحت یابی اور 20% موت کے اعداد و شمار سامنے آئے ہیں۔ نئی تیزتر جانچ یا نیو ریاپڈ ٹسٹ کیلئے کوششیں جاری ہیں ۔ ایسے میکانزم تلاش کئے جارہے ہیں جن سے بہ یک وقت زیادہ نمونوں کا ٹسٹ کیا جاسکے۔ وزارت صحت نے وبائی تسلسل پر بھی نظر رکھی ہے۔ کووڈ۔19 سے لڑنے کیلئے نئے اتصال سے تشکیل پائے BCG، کونوالیسنٹ پلازما تھراپی، مونوکلونل اینٹی باڈیز پر بھی کام کیا جارہا ہے۔ اگروال نے کہا کہ ماہ مئی میں اندرون ملک 10 لاکھ
RTPCR
کٹس تیار کرنے کا نشانہ مقرر کیا گیا ہے۔ ہندوستان کے پاس ہر ماہ 6,000 وینٹی لیٹرس تیار کرنے کی صلاحیت بھی موجود ہے۔ موجودہ طور پر کووڈ۔ 19 کیلئے 1,919 دواخانے کام کررہے ہیں جہاں زائد از 1,73,000 آئیسولیشن وارڈس اور 21,000 سے زیادہ آئی سی یو بیڈز ہیں۔