ناسا نے تین حیدرآبادی کمپنیوں کا انتخاب کیا
حیدرآباد 12 جون ( سیاست ڈاٹ کام ) ریاستی وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی کے ٹی راما راو نے بتایا کہ نیشنل ایروناٹکس اینڈ اسپیس اڈمنسٹریشن (ناسا )نے حیدرآباد سے کام کرنے والی تین کمپنیوں کو کورونا مریضوں کے علاج کیلئے اہمیت کے حامل وینٹیلیٹرس کی تیاری کیلئے منتخب کیا ہے ۔ کہا گیا ہے کہ ناسا نے مقامی سطح پر دستیاب ہونے والی وینٹیلیٹر انٹرونشن ٹکنالوجی کی تیاری کیلئے دنیا بھر میں 21 کمپنیوں کو منتخب کیا ہے جن میں الفا ڈیزائین ٹکنالوجیز پرائیوٹ لمیٹیڈ ‘ بھارت فورج لمیٹیڈ اور میدھا سروو ڈرائیوس پرائیوٹ لمیٹیڈ شامل ہیں۔ کے ٹی آر نے ٹوئیٹ کرتے ہوئے کہا کہ انہیں انتہائی مسرت ہوئی کہ حیدرآباد سے کام کرنے والی تین کمپنیوں کو ناسا نے ان وینٹیلیٹرس کی تیاری کیلئے منتخب کیا ہے ۔ یہ وینٹیلیٹرس کورونا مریضوں کے علاج میں اہمیت کے حامل ہونگے ۔ کے ٹی آر نے اس سلسلہ میں امریکی قونصل جنرل متعینہ حیدرآباد جوئل ریفمن کے سابقہ ٹوئیٹ کو دوبارہ ٹوئیٹ کیا ۔ انہوں نے کہا کہ انہیں خوشی ہے کہ یہ کمپنیاں منتخب ہوئی ہیں تاہم انہیں حیرت نہیں ہوئی ۔