کورونا مہاراشٹرا کے میٹروسے چھوٹے شہروں کو منتقل

,

   

Ferty9 Clinic

امراوتی اور ناگپور کے بشمول ودربھا علاقہ میں وائرس کا تیزی سے پھیلاؤ

ناگپور : مہاراشٹرا میں کورونا وائرس کا تیزی سے پھیلاؤ ہورہا ہے ۔ مہارشٹرا کے بڑے میٹروز سے لے کر یہ وائرس چھوٹے چھوٹے شہروں تک پھیل چکا ہے ۔ مہاراشٹرا کے وزیر صحت راجیش ٹوپے نے کہا کہ کورونا وائرس کے کیسوں میں اضافہ تشویشناک ہے ۔ ریاستی حکومت وائرس پر قابو پانے کیلئے فوری اقدامات کرے گی ۔ گذشتہ سال ستمبر میں مہاراشٹرا میں ایک دن میں 24,886 کیس درج ہوئے تھے لیکن تازہ اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے کہ یہ وائرس دوبارہ سرگرم ہوگیا ہے ۔ ممبئی ، پونے اور ناگپور مہاراشٹرا کے تین بڑے شہر ہیں جہاں کووڈ 19 پہلے سے زیادہ سرگرم ہے ۔ممبئی میں 15410 فعال کیس درج کئے گئے ہیں ۔ پونے میں سب سے زیادہ 32,359 کیس پائے گئے جبکہ ناگپور میں 21,496 فعال کیسیس ہیں جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ریاست میں یہ شہر کورونا کے ہاٹ اسپاٹ بن گئے ہیں ۔پونے اور ناگپور کے بعد ممبئی کا تیسرا مقام ہے جہاں کورونا کے فعال کیس بڑھ رہے ہیں ۔ اسی دوران تھانے ،ناسک ، اورنگ آباد ، ناندیڑ ، امراوتی ،آکولا اور نندربار علاقوں کے بعض مقامات پر کورونا وائرس پھیلنے کی اطلاع ہے ۔ مرہٹواڑہ کے ضلع ناندیڑ میں بھی کورونا کے کیسیس بڑھ رہے ہیں ۔ ناندیڑ نظم و نسق نے کیسوں میں اضافہ کے پیش نظر تمام ہوٹلس ، ریسٹورنٹ اور کھانے کی اشیاء والی دوکانوں کو 31 مارچ تک بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ ریسٹورنٹس میں شام 7بجے تک تیار کھانا لے جانے کی اجازت دی گئی ہے ۔ حکام نے جم اور پبلک پارکس کو بھی 31مارچ تک بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔کورونا سے متاثرہ مریضوں کے 1200نمونے ٹسٹ کیلئے روانہ کئے گئے ہیں ۔