کورونا میں کمی،حیدرآبادی سڑکوں پر ٹرافک میں اضافہ

,

   

حیدرآباد۔ جی ایچ ایم سی کے علاقے ریاست تلنگانہ میں کورونا کے ہاٹ اسپاٹ بنے ہوئے تھے لیکن پچھلے ایک ہفتہ کے دوران کورونا کے معاملات میں کسی قدر کمی دیکھنے میں آئی ہے جس کے بعد دونوں شہروں کے اہم جنکشنز پر ٹرافک میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔حیدرآباد کے اہم جنکشنوں کے علاوہ سکندرآباد میں پنجہ گٹہ، پیراڈائز ،بیگم پیٹ ،رانی گنج، ٹینک بنڈ،حمایت نگر ، آرٹی سی کراس روڈ ،مشیر آباد اور دیگر جنکشنز پر معمول کے برعکس ٹرافک میں اضافہ دیکھا گیا ہے جوکہ گزشتہ ہفتے کے دوران حیدرآباد میں کورونا کے معاملات میں کمی کے بعد عوام میں معمول کی زندگی کی طرف لوٹنے کا رجحان بڑھا ہے۔گذشتہ ایک ہفتہ کے دوران جی ایچ ایم سی میں کورونا کے درج معاملات میں جو کمی آئی ہے اس کی تفصیلات یہ ہیں : جولائی 14۔ 815 ، 15۔ 796 ، جولائی 16۔ 788 ، جولائی 17۔ 806 ، جولائی 18۔667 ، 19۔557 اور جولائی 20 کو 510 معاملات ۔ تلنگانہ میں 20 جولائی تک کوویڈ 19 کے مجموعی معاملات 46,274 تھے۔ ریاستی حکومت کے بلیٹن کے مطابق ، مجموعی نمونہ کی مثبت کی شرح 16.8 فیصد تھی۔ تلنگانہ جو اپنے پرکم ٹسٹنگ کی وجہ سے تنقیدکی زد میں تھا لیکن گزشتہ کئی ہفتوں سے جانچ میں تیزی لائی ہے۔ یکم جولائی تک مجموعی طورپرجانچنے والے نمونوںکی تعداد 92797 تھی۔ 20 جولائی تک نمونوں کی جملہ تعداد 2,76,222 تھی۔