کورونا نے پھر سر اٹھایا ‘ 22 نئے کیس

,

   

تین اموات ۔ چیف منسٹر کے سی آر کا اظہار تشویش
حیدرآباد 30 اپریل ( پی ٹی آئی ) گذشتہ پانچ دن کے دوران کورونا کیسیس میں کمی کے بعد جمعرات کو تلنگانہ میں اچانک ان کیسیس میںاضافہ ہوا ہے اور آج ایک دن میں 22 نئے کورونا پازیٹیو کیس سامنے آئے ہیں۔ اس کے علاوہ تین افراد کس وائرس کی وجہ سے فوت بھی ہوئے ہیں۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راو نے کیسیس میںاضافہ پر اس انفیکشن کے پھیلاو کو روکنے کیلئے شدت سے اقدامات کی ہدایت دی ہے ۔ اس دوران مرکزی وزارت داخلہ کی جانب سے لاک ڈاون کی وجہ سے پھنسے ہوئے افراد کی نقل و حرکت سے متعلق ہدایات کے پیش نظر ریاستی حکومت نے ایک سینئر عہدیدار کو نوڈل آفیسر اور ایک سینئر پولیس عہدیدار کو پولیس نوڈل آفیسر بھی مقرر کردیا ہے ۔ ایک سرکاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ جمعرات کو تین افراد کورونا وائرس اور صحت سے متعلق دوسرے مسائل کی وجہ سے فوت ہوئے ہیں۔ اس طرح ریاست میں اب تک اس وائرس کی وجہ سے فوت ہونے والوں کی تعداد 28 ہوگئی ہے ۔ گذشتہ چار تا پانچ دن کے دوران کورونا وائرس کی وجہ سے کوئی موت واقع نہیں ہوئی تھی ۔ آج کورونا کے 22 نئے کیسیس کے ساتھ ریاست میں جملہ کورونا وائرس متاثرین کی تعداد بڑھ کر 1038 تک پہونچ گئی ہے ۔ اس اضافہ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راو نے ہدایت دی کہ ایک اعلی سطح کا اجلاس منعقد کرتے ہوئے اس انفیکشن کے جی ایچ ایم سی حدود میں مزید پھیلاو کو روکنے کیلئے اقدامات کئے جانے چاہئیں۔ چیف منسٹر کی ہدایت کے بعد وزیر صحت ایٹالہ راجندر نے چیف سکریٹری سومیش کمار اور دوسرے عہدیداروں کے ساتھ ایک اجلاس منعقد کیا اور کنٹینمنٹ زون میں مزید سخت اقدامات کا فیصلہ کیا گیا ۔ تازہ کیسیس کا لنک دو افراد کو سمجھا جا رہا ہے جنہوں نے ایک مارکٹ میں تین دوکاندار متاثر ہوئے اور پھر ان کے افراد خاندان بھی اس کی زد میں آاگئے ۔