کورونا وائرس،عوام خود بچاؤ کیلئے اقدامات کریں

,

   

شہر میں ماسک و سماجی فاصلے کی خلاف ورزی ، صورتحال کے سنگین ہونے کا ماہرین کو خطرہ
حیدرآباد ۔11۔ جون (سیاست نیوز) کورونا وائرس کے تیزی سے پھیلاؤ کے پیش نظر حکومت نے وائرس سے بچاؤ کی ذمہ داری عوام پر عائد کردی ہے ۔ حکومت کا کہنا ہے کہ عوام خود اپنی صحت کے تحفظ کے ذمہ دار ہونگے ۔ جس قدر احتیاطی تدابیر اختیار کی جا ئیں گی ، اتنا ہی وائرس سے بچا جاسکتا ہے۔ حکومت اور ورلڈ ہیلت آرگنائزیشن کی گائیڈلائینس پر سختی سے عمل آوری وائرس سے بچاؤ کا ذریعہ بن سکتی ہے ۔ وائرس کی دوائی یا کوئی ویکسین ابھی تک ایجاد نہیں ہوئی ، ماہرین کے مطابق جاریہ سال کے اختتام تک ویکسین کی تیاری کے بارے میں قطعی طور پر کہا نہیں جاسکتا ۔ ان حالات میں حکومت نے بھی اپنی ذمہ داری سے بری الذمہ ہوتے ہوئے عوام پر چھوڑ دیا ہے کہ وہ خود اپنا تحفظ کرلیں۔ چیف منسٹر کے سی آر کے حالیہ جائزہ اجلاس میں واضح کیا گیا کہ عوام کی زندگی کا تحفظ خود ان کے ہاتھ میں ہیں۔ اگر احتیاط کرتے ہیں تو اپنی اور اپنے افراد خاندان کی زندگی بچا سکتے ہیں ورنہ کورونا کا بہ آسانی شکار ہوجائیں گے ۔ گریٹر حیدرآباد کے حدود میں روزانہ اوسطاً 100 سے زائد افراد کورونا کا شکار ہورہے ہیں۔ ایسے میں ماہرین کا تجزیہ ہے کہ عوام کی جانب سے بد احتیاطی نے صورتحال کو بگاڑنے میں اہم رول ادا کیا ۔ عوام میں ماسک اور سینیٹائزر کے استعمال کے علاوہ سماجی فاصلہ کا کوئی تصور نہیں ہے جو موجودہ حالات میں انتہائی خطرناک ہوسکتا ہے ۔ ماہرین صحت نے شہر میں کورونا پھیلاؤ سے متعلق رپورٹ میں عوام کو ذمہ دار قرار دیا ہے۔

لاک ڈاؤن میں رعایتوں سے لیکر آج تک جبکہ لاک ڈاؤن ختم ہوچکا ہے ، شہر میں احتیاطی تدابیر کا کوئی تصور نہیں جسکے نتیجہ میں بیشتر علاقے روزانہ کورونا سے متاثرہ فہرست میں شامل ہورہے ہیں۔ گنجان آبادی والے علاقوں و تجارتی مراکز میں ہجوم سے کورونا کے پھیلاؤ کا اندیشہ ظاہر کیا گیا اس کے باوجود عوام میں سماجی فاصلہ و ماسک کے استعمال پر توجہ نہیں دی ۔ پولیس نے ماسک کے استعمال کو یقینی بنانے تلاشی مہم عملاً ترک کردی ہے کیونکہ ہجوم کے درمیان رہنے سے بیشتر ملازمین پولیس کورونا کا شکار ہوگئے ۔ ماہرین کے مطابق اگر گریٹر حیدرآباد کے شہری اپنی روش تبدیل نہیں کریں گے تو صورتحال مزید سنگین نوعیت اختیار کرسکتی ہے۔ پہلے ہی سرکاری دواخانوں میں بستروںکی کمی ہے ، ایسے میں مرض کے پھیلاؤ سے عوام موثر علاج سے محروم ہوسکتے ہیں۔ حکومت نے محکمہ صحت کے ذریعہ احتیاطی تدابیر کے بارے میں خصوصی مہم چلانے فیصلہ کیا ہے ۔