کورونا وائرس، ڈبلیو ایچ او ٹیم کا ووہان سٹی کا دورہ

,

   

جنیوا ۔22فبروری ۔(سیاست ڈاٹ کام) ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن (ڈبلیو ایچ او) کی ایک ٹیم نے آج ووہان سٹی کا دورہ کیا جہاں اس وائرس سے مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 2345 ہوگئی۔ ڈبلیو ایچ او نے خبردار کیا ہے کہ چین سے واضح تعلق نہ رکھنے والے کیسز کی تعداد میں اضافے پر تشویش کے باعث مہلک کورونا وائرس کی وبا کے پھیلاؤ کو روکنے کے مواقع کم ہورہے ہیں۔اے ایف پی کے مطابق عالمی ادارہ صحت کے سربراہ ٹیڈروس ایڈنوم گیبریسس کئی ہفتوں سے اصرار کررہے ہیں کہ چین کے وسطی صوبہ ہبوئی میں کے باہر کووڈ۔19 کے کیسز کی کم تعداد اس وائرس کے عالمی پھیلاؤ کو روکنے کا موقع فراہم کررہے ہیں۔تاہم گزشتہ روز مشرق وسطیٰ اور جنوبی کوریا میں کورونا وائرس کے کیس میں اضافہ کے بعد ڈبلیو ایچ او کے سربراہ نے پہلی مرتبہ خبردار کیا کہ ہم اس مرحلہ میں ہیں جہاں وائرس کا شکار ہونا ممکن، اس حوالے سے ہمارے پاس موجود مواقع کم ہورہے ہیں۔انہوں نے خبردار کیا کہ اگر دنیا کے ممالک نے اس وائرس کے پھیلاؤ کے خلاف جنگ میں تیزی سے موبلائز نہیں کیا تو یہ وبا کسی بھی سمت میں جاسکتی ہے ، یہ پریشان کن بھی ہوسکتی ہے ۔خیال رہے کہ دسمبر 2019 کے اواخر میں پھیلنے والی اس وبا کے نتیجے میں چین میں 2345 سے زائد افراد ہلاک جبکہ 76 ہزار288 افراد اس کا شکار ہوچکے ہیں۔دنیا کے دیگر 27 ممالک میں ایک ہزار ایک سو 50 افراد اس وائرس کا شکار جبکہ ایک درجن سے زائد ہلاک ہوچکے ہیں۔ گزشتہ روز مشرق وسطیٰ کے مختلف ممالک میں کورونا وائرس کے مزید نئے کیسرپورٹ ہوئے جہاں ایران اور لبنان میں اس کے پہلے کیس سامنے آئے ۔علاوہ ازیں ایران نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کے نتیجہ میں 4 افراد ہلاک اور 18 افراد متاثر ہوئے ۔