امریکی سفارتخانہ اور قونصل خانوں میں ویزا کے انٹرویوزمنسوخ
واشنگٹن ۔ /13 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) صدر امریکہ ڈونالڈ ٹرمپ نے کورونا وائرس کی سنگین صورتحال کے پیش نظر امریکہ میں قومی ایمرجنسی کا اعلان کردیا ہے ۔ ریاستوں اور میونسپلٹیز کیلئے زیادہ سے زیادہ وفاقی امداد کی راہ ہموار کرتے ہوئے وباء سے نمٹنے 50 بلین ڈالر فراہم کئے جائیں گے ۔ امریکہ کی ہر ریاست میںچوکسی اختیار کی گئی ہے۔ ٹرمپ نے صدر فرانس امینول میکرون سے بات چیت کرتے ہوئے کورونا وائرس کی وباء کے بارے میں تبادلہ خیال کیا اور عالمی قائدین کے ساتھ ایک ویڈیو کانفرنس بھی منعقد کرنے سے اتفاق کیا ۔ وباء پر قابو پانے کیلئے ویاکسن کی تیاری کی کوششیں کی جارہی ہیں ۔ ریسرچ کیلئے تمام ملکوں کا تعاون حاصل کیا جائے گا ۔ امریکہ میں کورونا وائرس نے دہشت پھیلادی ہے جس کے بعد تمام امریکی ریاستوں کے گورنرس اور میئرس نے ٹرمپ پر دباؤ ڈالا کہ وہ ہنگامی صورتحال کے پیش نظر امریکہ میں ایمرجنسی کا اعلان کردیں ۔ ہندوستان میں امریکی سفارتخانہ نے بتایا کہ کورونا وائرس کے باعث امریکی سفارتخانہ کے علاوہ ہندوستان کے مختلف ریاستوں میں واقع امریکی قونصل خانوں میں ویزا انٹرویوز تاحکم ثانی منسوخ کئے گئے ہیں ۔ سفارتخانہ نے مزید بتایا کہ /16 مارچ 2020 ء سے امیگرینٹ اور نان امیگرینٹ ویزے کے انٹرویوز منسوخ کردیئے گئے ہیں ۔