کورونا وائرس سے انگلش کرکٹ کو 300 ملین پاؤنڈز کا نقصان

   

لندن۔3 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) کورونا وائرس کے سبب پوری دنیا کی معیشت بری طرح متاثر ہوگئی ہے۔ فلموں کی شوٹنگ سے لیکر کھیلوں کے انعقاد تک ٹھپ ہوگئے ہیں۔ انگلینڈ کرکٹ بورڈ کی مانیں تو یہ وبا اسے 300 ملین پاونڈ یعنی تقریباً 28 ارب روپئے کا نقصان پہنچا سکتی ہے۔ انگلینڈ اینڈ ویلس کرکٹ بورڈ (ای سی بی) کے سربراہ ٹام ہیریسن نے کہا ہیکہ کووڈ 19 وبا کی وجہ سے اگر آئندہ سیزن میں کرکٹ نہیں کھیلا جاتا ہے تو ای سی بی کو 300 ملین پاونڈ سے زیادہ کا نقصان ہوسکتا ہے۔ ہیریسن ای سی بی کے ان ملازمین میں شامل ہیں، جو اس بحران سے نجات پانے کے لئے اپنی تنخواہ میں کٹوتی کر رہے ہیں۔پیشہ ور کرکٹرس اسوسی ایشن (پی سی اے) سربراہ ٹونی آئیرس کو بھیجے خط میں ہیریسن نے وبا سے پڑنے والے طویل مدتی اثرات کولیکر تشویش کا اظہارکیا ہے۔ اپنے اس خط میں ہیریسن نے دعویٰ کیا کہ وہ کم ازکم آئندہ تین ماہ تک اپنی تنخواہ میں25 فیصدکی کٹوتی کر رہے ہیں۔ ہیریسن نے لکھا ہے کھیلوں کیلئے ابھی یہ خطرناک بیماری سب سے بڑا چیلنج ہے، حالانکہ کرکٹ پر اس کے مکمل اثرات کا ابھی پتہ نہیں ہے، لیکن یہ واضح ہیکہ یہ بے حد اہم ہوگا۔ انگلینڈ کرکٹ بورڈ کی جمع پونجی 17-2016 میں 7 کروڑ 30 لاکھ پاونڈ تھی، جو 19-2018 میں گھٹ کر ایک کروڑ دس لاکھ پاونڈ رہ گئی تھی۔ ایسے میں اگر اس سیزن میں کرکٹ نہیں کھیلا جاتا ہے تو ای سی بی کے مالیاتی فنڈ پر برا اثر پڑ سکتا ہے۔ ہیریسن نے کہا ہم صرف کھیل پرجملہ مالیاتی اثرکا اندازہ لگا سکتے ہیں، جوکہ کچھ وقت تک واضح نہیں ہوگا، لیکن تخمینہ کے مطابق پوراکرکٹ سیزن گنوانے پر انگلینڈ اینڈ ویلس کرکٹ کو30 کروڑ پاونڈ سے بھی زیادہ کا نقصان ہوگا۔ انگلینڈ نے کووڈ19 خطرناک وبا کے سبب 28 مئی تک سبھی طرح کی کرکٹ ملتوی کر رکھی ہے۔ اس بیماری کے سبب پوری دنیا میں ابھی تک 40,000 سے زیادہ لوگوں کی موت ہوئی ہے۔ اس سال کاونٹی سیزن کو لے کر غیر یقینی صورتحال کا ماحول بنا ہوا ہے۔ پہلے کاونٹی سیزن 12 اپریل سے ہونا تھا۔ ہیریسن ان حالات میں مرکزی معاہدہ والے کھلاڑیوں کی تنخواہ میں 20 فیصد کی کٹوتی چاہتے ہیں اور انہیں امید ہے کہ کھلاڑی اسے قبول کریں گے۔ حالانکہ رپورٹ کے مطابق پی سی اے نے ابھی تک خط کا جواب نہیں دیا ہے۔انگینڈ کے لئے مشکل یہ ہے کہ اس کا سیزن ابھی شروع ہونا ہے لیکن کورونا وائرس کی وجہ سے ساری دنیا میںکھیل کے تمام ایونٹ متاثر ہوچکے ہیں اور مستقبل قریب میں انکے دوبارہ شروع ہونے کے آثار بھی کافی کم ہیں۔