کورونا وائرس سے ایک اور پولیس ملازم فوت

   

حیدرآباد ۔ /16 جون (سیاست نیوز) کورونا وائرس کا شکار ایک اور پولیس ملازم آج فوت ہوگیا ۔ تفصیلات کے مطابق دبیر پورہ پولیس اسٹیشن سے وابستہ ہوم گارڈ این اشوک کمار جو گزشتہ چند دنوں سے کووڈ۔ 19 وائرس کا شکار ہوگیا تھا ۔ دوران علاج گاندھی ہاسپٹل میں فوت ہوگیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ اشوک کمار کو مارچ میں پولیس اسٹیشن دبیر پورہ میں تعینات کیا گیا تھا اور وہ پولیس اسٹیشن میں ڈیوٹی انجام دے رہا تھا ۔ /13 جون کو ہوم گارڈ کی طبعیت اچانک بگڑ گئی اور کورونا وائرس کی علامتیں ہونے پر اسے گوشہ محل پولیس اسٹیڈیم منتقل کیا گیا جہاں پر میڈیکل آفیسروں نے اس کا کورونا وائرس کا ٹسٹ کیا اور بعد ازاں اسے کورنٹائن ہونے کی اطلاع دی ۔ پولیس دبیرپورہ کے حکام نے اسے یشودھا ہاسپٹل منتقل کیا ۔ بعد ازاں اسے گاندھی منتقل کیا گیا جہاں پر وہ فوت ہوگیا ۔ ذرائع نے بتایا کہ متوفی ہوم گارڈ ونائیک نگر اپو گوڑہ کا ساکن تھا ۔