اقوام متحدہ 8 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) دنیا بھر میں کورونا وائرس کی نئی قسم سے ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد تین ہزار چھ سو تک پہنچ گئی ہے۔ سب سے زیادہ ہلاک شدگان چین میں ہیں اور اْن کی تعداد تقریباً تین ہزار ایک سو ہے۔ اٹلی میں چین کے بعد سب سے زیادہ افراد اس وائرس کی وجہ سے ہلاک ہوئے اور یہ تعداد دو سو تینتیس ہے۔ ایران ہلاکتوں کے اعتبار سے تیسرا ملک ہے اور اس میں زندگی کی بازی ہار جانے والے افراد ایک سو پینتالیس ہیں۔ چین، اٹلی اور ایران کے بعد کووڈ انیس نے جنوبی کوریا میں پچاس انسانوں کی جان لی ہے۔ جرمنی میں ابھی تک کوئی ہلاک نہیں ہوا لیکن مریضوں کی تعداد آٹھ سو تک پہنچ گئی ہے۔ دنیا کے نوے سے زائد ممالک میں کووڈ انیس مرض میں مبتلا مریضوں کی تعداد اب ایک لاکھ چھ ہزار ہو گئی ہے۔کورونا وائرس کی نئی قسم کے پھیلاؤ کے تناظر میں بڑی امریکی ریاستوں میں شمار کی جانے والی ریاست نیو یارک میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔ نیو یارک کے گورنر اینڈرو کواومو نے ایمرجنسی کا نفاذ سات مارچ کو کیا۔ گورنر نے ریاستی انتظامیہ کو وائرس کو کنٹرول کرنے کے لیے اضافی عملے کی خدمات حاصل کرنے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔ اس ریاست میں کووڈ انیس نامی بیماری کے مریضوں کی تعداد 89 ہو گئی ہے۔
امریکہ میں اس بیماری سے ہونے والی ہلاکتیں اب 19ہو گئی ہیں۔ سب سے زیادہ ہلاکتیں ایک دوسری ریاست واشنگٹن ہے جہاں اس بیماری سے مزید دو ہلاکتوں کے بعد مجموعی تعداد سولہ ہو گئی ہے۔ نیویارک سے قبل کیلیفورنیا، میری لینڈ، یْوٹا اور واشنگٹن کی ریاستوں میں ہنگامی حالت کا نفاذ کیا جا چکا ہے۔امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کرونا وائرس سے نمٹنے کے لیے 8 ارب 30 کروڑ ڈالر مختص کرنے کی قانون سازی پر دستخط کردیے ہیں۔ امریکہ میں اس وائرس کے 233 مریضوں کی تصدیق ہوئی ہے جبکہ 14 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔مختص کی گئی رقم میں تین ارب ڈالر ویکسین کی تیاری، ٹیسٹ کٹس اور علاج کے لیے، 2.2 ارب ڈالر بچائو کی کوششوں کے لیے اور 1.25 ارب ڈالر مرض پر قابو پانے کی عالمی کاوشوں میں مدد دینے کی غرض سے رکھے گئے ہیں۔کرونا وائرس ایک دن پہلے ہی دارالحکومت واشنگٹن ڈی سی کے مضافات میں پہنچا ہے۔
ریاست میری لینڈ کی منٹگمری کائونٹی میں جمعرات کو 3 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی جس کے بعد گورنر لیری ہوگن نے ریاست میں ہنگامی صورتحال کا اعلان کیا۔میری لینڈ سے پہلے چار دوسری ریاستیں کیلی فورنیا، فلوریڈا، واشنگٹن اور ہوائی بھی ہنگامی صورتحال کا اعلان کرچکی ہیں۔حکام نے بتایا ہے کہ صدر ٹرمپ ریاست جارجیا کے شہر ایٹلانٹا میں قائم یو ایس سینٹرز فور ڈزیز کنٹرول کا دورہ کرنے والے ہیں جہاں ملک کے اعلیٰ ترین ماہرین تحقیقی کام کررہے ہیں۔کورونا وائرس سے متاثرہ ممالک میں جنوبی افریقہ، چین، متحدہ عرب امارات، ارجنٹینا، ایران ، اٹلی، شمالی کوریا، جنوبی کوریا، پیراگوئے، ہندوستان، فرانس وغیرہ شامل ہیں۔ بعض ممالک میں متاثرہ افراد کو زیرنگرانی الگ تھلگ رکھا گیا ہے اور بعض ممالک میں تعلیمی اداروں کو تعطیل کا اعلان کردیا گیا ہے۔