کورونا وائرس سے عالمی منظر نامہ مزید پیچیدہ : راج ناتھ سنگھ

,

   

نئی دہلی 7 مارچ ( سیاست ڈاٹ کام ) وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے آج کہا کہ کورونا وائرس کی وباء نے عالمی منظرنامہ کو مزید پیچیدہ بنادیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو ایسے چیلنجس سے نمٹنے کیلئے تیار ہونا چاہئے جن سے نمٹنے زیادہ وقت نہیں مل سکتا ۔ نیشنل ڈیفنس کالج کی 58 ویں ایم فل کانوکیشن تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ترقی پذیر اور مستقبل کی ابھرتی ہوئی سینئر قیادت کو تیار کرتے ہوئے فوج اور سیول سروسیس جیسے ادارے مستقبل کے امکانی چیلنجس سے نمٹنے میں اہم رول ادا کر رہے ہیں۔ انہں نے کہا کہ آج ہندوستان ترقی ‘ ارتقاء ‘ خوشحالی اور امن و استحکام ایشیا اور دنیا میں قائم کرنے میں ایک اہم حصہ دار کے طور پر ابھر رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی مسلح افواج بڑی تیزی سے مستقبل کے علاقائی اور عالمی سکیوریٹی چیلنجس سے نمٹنے کیلئے خود کو تیار کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلہ میں حکومت نے قومی سلامتی کو انتہائی اہمیت دی ہے اور اس کیلئے جو خلاء ہے اسے پر کرنے کیلئے ضروری دفاعی آلات خریدے جا رہے ہیں۔ اس کے علاوہ اندرون ملک ہی تیاری پر بھی زیادہ توجہ دی جا رہی ہے تاکہ مستقبل کی ملک کی دفاعی ضروریات کو پورا کیا جاسکے ۔ راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ وزارت دفاع میں فوجی امور کے محکمہ کی تشکیل اور چیف آف ڈیفنس اسٹاف کے عہدہ کا قیام درست سمت میں کئے گئے فیصلے ہیں تاکہ فوج کی صلاحیتوں میں مزید استحکام پیدا کیا جاسکے ۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ سکیوریٹی ماحول ایک چیلنج سے کم نہیں ہے اور داخلی اور خارجی پہلووں کا ایک دوسر ے سے تعلق ہے ۔ دنیا کو آج کئی چیلنجس کا سامنا ہے جن میں بین الاقوامی دہشت گردی ‘ بنیاد پرستی ‘ نسلی ناراضگی ‘ معاشی عدم مساوات اور دیگر شامل ہیں۔