کورونا وائرس سے متاثرہ غریبوں میں اناج تقسیم کرنے کا مطالبہ

   

ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کارروائی کی جائے، صدرنشین ایس سی سیل پریتم کا بیان
حیدرآباد۔ 20 مارچ (سیاست نیوز) پردیش کانگریس کمیٹی ایس سی سل کے صدرنشین پریتم نے ریاستی حکومت سے مطالبہ کیا کہ کورونا وائرس کے خطرے سے نمٹنے کے لیے دیہی علاقوں میں سخت چوکسی اختیار کی جائے۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے پریتم نے کہا کہ ملک بھر میں کورونا وائرس کے پھیلائو کے اندیشے کے تحت عوام میں خوف کا ماحول پایا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے بتائے گئے احتیاطی اقدامات کے علاوہ عوام کو اپنے طور پر چوکس رہنا ہوگا۔ بی جے پی حکومت کی جانب سے انتخابی وعدوں کی تکمیل میں ناکامی کا الزام عائد کرتے ہوئے صدرنشین ایس سی سیل نے کہا کہ نریندر مودی نے کالے دھن کی واپسی کے بعد ہر شہری کے اکائونٹ میں 15 لاکھ روپئے جمع کرنے کا اعلان کیا تھا۔ آج تک 15 روپئے بھی کسی کے اکائونٹ میں نہیں آئے۔ اگر بی جے پی کو ملک کے بیروزگار نوجوانوں کی بھلائی سے دلچسپی ہے تو اسے کم از کم 5 لاکھ روپئے ہر نوجوان کے اکائونٹ میں جمع کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کے بڑھتے خطرے کے پیش نظر عوام بالخصوص غریب خاندانوں میں حکومت کی جانب سے اناج اور دیگر ضروری اشیاء تقسیم کی جائیں۔ ٹی آر ایس حکومت کی جانب سے وائرس سے نمٹنے کے لیے اقدامات پر تبصرہ کرتے ہوئے کانگریس قائد نے کہا کہ مریضوں پر توجہ دینے کے ساتھ ساتھ مرض کے بارے میں عوامی شعور بیدار کیا جانا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ غریب افراد جو روزانہ کماکر زندگی بسر کرتے ہیں وہ وائرس کے خطرے کے سبب روزگار سے محروم ہوچکے ہیں۔ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ ایسے خاندانوں کا تحفظ کرے۔ کانگریس قائد نے کہا کہ کورونا خطرے کے بعد سے اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوچکا ہے اور ذخیرہ اندوزی کی جارہی ہے۔ حکومت کو چاہئے کہ وہ قیمتوں پر قابو پانے کے اقدامات کرے اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کارروائی کرے۔ انہوں نے بار، پبس اور دیگر تفریحی مقامات کو بند کرنے کے فیصلے کا خیرمقدم کیا۔