کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کا علاج

   

حیدرآباد کے گاندھی اسپتال کے ڈاکٹرس اور نرسس چوکس
حیدرآباد۔ 22مارچ (یو این آئی) تلنگانہ میں فی الحال کورونا وائرس کے 21مثبت معاملات سامنے آئے ہیں۔یہ تمام مریض شہر حیدرآباد کے بڑے سرکاری گاندھی اسپتال کے الگ تھلگ وارڈس میں زیرعلاج ہیں۔ان مریضوں کا علاج اس اسپتال کے ڈاکٹرس کافی احتیاط اور کامیابی کے ساتھ کررہے ہیں جس کے نتیجہ میں ان وارڈس میں زیرعلاج مریضوں کی حالت مستحکم ہے ۔اس طبی بحران کے موقع پر اس اسپتال کے تمام ارکان اسٹاف بے تکان کام کررہے ہیں۔ہر ڈاکٹراسپتال میں 12گھنٹے گذار رہا ہے تاکہ اس اسپتال میں زیرعلاج مریضوں کی بہتر نگہداشت اور علاج کو یقینی بنایاجاسکے ۔اس اسپتال کے نفسیات کا شعبہ مریضوں کو اس بحران سے نکلنے میں مدد دے رہا ہے ۔ڈاکٹرس اور نرسس نے سوشیل میڈیا کا استعمال کرتے ہوئے عوام سے خواہش کی ہے کہ وہ گھروں میں ہی محدود رہیں۔ان ڈاکٹرس نے کہا کہ ان کا بھی خاندان ہے تاہم وہ چھٹی پر نہیں ہیں۔عوام ذمہ دار بنیں اور گھروں تک ہی محدود رہیں۔وقفہ وقفہ سے اپنے ہاتھ دھوتے رہیں۔ان ڈاکٹرس اور نرسس نے زور دیتے ہوئے کہا کہ پریشانی کی کوئی بات نہیں ہے ،چوکس رہیں اورمحفوظ رہیں۔