کورونا وائرس سے مقابلے کے لیے احتیاطی تدابیر واحد حل: جگاریڈی

   

حیدرآباد۔ 27 مارچ (سیاست نیوز) کانگریس رکن اسمبلی جگاریڈی نے کورونا وائرس سے نمٹنے کے احتیاطی اقدامات پر آج عہدیداروں کے ساتھ جائزہ اجلاس منعقد کیا۔ انہوں نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ وائرس کے پھیلائو کو روکنے کے لیے تمام تر احتیاطی قدم اٹھائیں اور عوام کو باشعور بنائیں۔ جگاریڈی نے کہا کہ کورونا وائرس سے مقابلے کے لیے احتیاطی تدابیر واحد حل ہے۔ علاج کے سلسلہ میں آج تک ریسرچ جاری ہے لہٰذا عوام کو اپنے گھروں تک محدود رہتے ہوئے وائرس سے بچنا چاہئے۔ جگاریڈی نے کہا کہ ماہرین نے وائرس سے بچائو کا اہم طریقہ سماجی فاصلہ قرار دیا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ حکومت نے لاک ڈائون کے ذریعہ نقل و حرکت پر پابندی عائد کردی ہے۔ چیف منسٹر کے چندرا شیکھر رائو نے عہدیداروں کو وائرس کے بارے میں چوکس رہنے کی ہدایت دی ہے۔ جگاریڈی نے ستائش کی کہ بلدی نظم و نسق اور محکمہ صحت کے عہدیدار بہتر خدمات انجام دے رہے ہیں۔ ڈاکٹرس، پیرا میڈیکل اسٹاف اور پولیس کی خدمات کو بھی نظرانداز نہیں کیا جاسکتا۔ جگاریڈی نے کہا کہ دنیا بھر میں یہ بات واضح ہوچکی ہے کہ صرف اور صرف احتیاطی تدابیر ہی وائرس سے بچاسکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سنگاریڈی میں کورونا وائرس کے کیسس رونما نہیں ہوئے لیکن حکام کو چوکسی برقرار رکھنی ہوگی۔ ضلع میں ایک بھی کیس نہیں ملا ہے اور اس سلسلہ کو برقرار رکھنے کے لیے عوامی چوکسی ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلدی حکام کو صحت و صفائی کے انتظامات کرنے ہوں گے۔ 21 دن تک لاک ڈائون کی صورتحال ہے۔ لہٰذا عوام اور عہدیداروں کو وائرس سے مقابلے کے لیے احتیاطی قدم اٹھانے چاہئیں۔ جگاریڈی نے عوام کو مشورہ دیا کہ وہ مکانات تک محدود رہتے ہوئے حکومت اور عہدیداروں سے تعاون کریں۔