کورونا وائرس سے نمٹنے اور غریبوں کی امداد میں ٹی آر ایس حکومت ناکام

   

کانگریس قائدین کی گورنر سے ملاقات، ہر خاندان کو پانچ ہزار روپئے امداد کا مطالبہ
حیدرآباد ۔4 ۔ مئی(سیاست نیوز) پردیش کانگریس کمیٹی اور کانگریس لیجسلیچر پارٹی کی جانب سے آج گورنر ٹی سوندرا راجن سے نمائندگی کرتے ہوئے تلنگانہ میں لاک ڈاؤن سے متاثرہ غریبوں کی مدد اور مریضوں کا پتہ چلانے کے لئے بڑے پیمانہ پر ٹسٹ منعقد کرنے کی درخواست کی گئی ۔ صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی ، سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرمارکا اور کانگریس کورونا ٹاسک فورس کے صدرنشین ایم ششی دھر ریڈی نے راج بھون میں گورنر سے ملاقات کرتے ہوئے یادداشت پیش کی۔ انہوں نے شکایت کی کہ ٹی آر ایس حکومت کورونا پر قابو پانے کے اقدامات میں ناکام ہوچکی ہے۔ انہوں نے کسانوں ، غریبوںاور غیر مقامی مزدوروں کے مسائل سے گورنر کو واقف کرایا۔ انہوں نے کہا کہ حقیقی مریضوں کا پتہ چلانے میں حکومت کو کوئی دلچسپی نہیں ہے۔ حکومت کی جانب سے محدود تعداد میں ٹسٹ کئے جارہے ہیں جبکہ بڑے پیمانہ پر ٹسٹ کی گنجائش موجود ہے۔ کانگریس وفد نے حکومت کی ناکامیوں پر مشتمل یادداشت گورنر کے حوالے کی ۔ گورنر سے درخواست کی گئی کہ غیر موسمی بارش کے نتیجہ میں فصلوں کو نقصان سے پریشان حال کسانوں کی مدد کے لئے حکومت کو ہدایت دیں ۔ حکومت نے کسانوں سے دھان اور دیگر پیداوار خریدنے کا وعدہ کیا تھا لیکن گزشتہ دو ہفتوں سے دھان مارکٹ میں کھلے آسمان کے نیچے رکھی ہوئی ہے ۔ غیر موسمی بارش نے دھان کو متا ثر کردیا۔ لہذا کسان امدادی قیمت کے بارے میں متفکر ہیں۔ گورنر سے درخواست کی گئی کہ لاک ڈاؤن کے سبب روزگار سے محروم لاکھوں غریب خاندانوں کے تحفظ کے لئے معاشی پیاکیج کا اعلان کریں۔ اس سلسلہ میں حکومت کو ہدایت دیجائے ۔ بعد میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے اتم کمار ریڈی نے حیرت کا اظہار کیا کہ کورونا ٹسٹ کے معاملہ میں کے سی آر حکومت لاپرواہی کا شکار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کورونا سے نمٹنے کے معاملہ میں حکومت کا رویہ ان سائنٹفک ہے۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت کی گائیڈ لائنس کے مطابق دیگر ریاستوں میں بڑے پیما نہ پر ٹسٹ منعقد کئے گئے جبکہ تلنگانہ اس معاملہ میں کافی پیچھے ہے ۔ انہوں نے اموات کی صورت میں ٹسٹ نہ کرنے کے احکامات پر بھی اعتراض کیا۔ کانگریس قائدین نے کورونا مہلوکین کے افراد خاندان کو ایکس گریشیا، ہر غریب خاندان کو پانچ ہزار روپئے امداد کا مطالبہ کیا ۔ گورنر کو سفید راشن کارڈ پر دیئے جانے والے ناقص چاول پیش کئے گئے ۔ اور کہا گیا کہ حکومت غریبوں کو عمدہ اور باریک چاول سربراہ کرنے سے گریز کر رہی ہے۔ مرکزی حکومت نے علحدہ طور پر غذائی اجناس کی تقسیم کا اعلان کیا لیکن تلنگانہ میں ابھی تک آغاز نہیں ہوا ۔ کانگریس قائدین نے کسانوں کے تحفظ اور غیر مقامی ورکرس کی روانگی کا انتظام کرنے کی اپیل کی ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اپوزیشن جماعتوں کو نظرانداز کر رہی ہے۔ کسانوں کے مسائل پر توجہ نہیں دی گئی تو فاقہ کشی اور خودکشی کے واقعات پیش آسکتے ہیں۔