15 دن تک کم از کم عوام کو گھروں تک محدود رہنے کا مشورہ
حیدرآباد۔ 23 مارچ (سیاست نیوز) کانگریس رکن اسمبلی جگاریڈی نے عوام سے اپیل کی کہ وہ مہلک کورونا وائرس سے بچائو کے لیے حکومت کی جانب سے دی گئی ہدایات اور تحدیدات پر عمل کریں۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے جگاریڈی نے کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی اور چیف منسٹر کے سی آر نے وائرس کے پھیلائو کو روکنے کے لیے جنتاکرفیو اور لاک ڈائون کا جو فیصلہ کیا وہ وقت کی اہم ضرورت ہے۔ عوام کو گھروں تک محدود رکھتے ہوئے مرض کے پھیلائو کو روکا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر جنتاکرفیو کو 15 دن تک توسیع دی جائے تب بھی عوام کے لیے یہ بہتر فیصلہ ہوگا۔ عوامی زندگی سے بڑھ کر کچھ نہیں لہٰذا حکومت کے فیصلوں کے بارے میں عوام کو شبہات میں آنے کی ضرورت نہیں ہے۔ جگاریڈی نے کہا کہ سنگاریڈی میں وہ عوامی شعور بیداری میں مصروف ہیں تاکہ وائرس کے پھیلائو کو روکنے کے بارے میں عوام کو احتیاطی تدابیر سے آگاہ کیا جاسکے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ رضاکارانہ طور پر خود کو اپنے مکانات تک محدود کرلیں۔ یہی سب سے محفوظ طریقہ کار ہے جو وائرس کی زد میں آنے سے بچا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو غیر ضروری گھومنے سے گریز کرنا چاہئے۔ جگاریڈی نے نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ 15 دن تک صبر و تحمل کا مظاہرہ کریں کیوں کہ وائرس سے متاثر ہونے کے بعد علاج میں کافی دشواریاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ والدین کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے معصوم بچوں کی فکر کریں۔ انہوں نے کہا کہ ضعیف العمر افراد اور معصوم بچے اس مرض سے بہت جلد متاثر ہوسکتے ہیں۔