حیدرآباد۔ 20 مارچ (سیاست نیوز) کانگریس رکن پارلیمنٹ کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے عوام سے اپیل کی کہ وہ کورونا وائرس کے خطرے سے بچنے کے لیے اپنے طور پر احتیاطی قدم اٹھائیں۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے وینکٹ ریڈی نے کہا کہ حکومت کے اقدامات کے علاوہ شخصی طور پر عوام کی چوکسی وائرس سے بچاسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وائرس سے بچائو کا واحد راستہ ہجومی مقامات سے دوری اختیار کرنا ہے۔ جہاں بھی ہجوم ہوگا وہاں وائرس پھیلنے کے امکانات زیادہ رہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وائرس کے خطرے میں کمی تک عوام کو سفر اور تقاریب سے گریز کرنا چاہئے۔ حکومت کی جانب سے وقفے وقفے سے جو بھی احتیاطی تدابیر کا مشورہ دیا جائے اس پر عمل کریں۔ وینکٹ ریڈی نے کہا کہ کورونا وائرس سے بچائو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے سے ممکن ہے۔ حکومت کو ریاست بھر میں اپنی ذمہ داری نبھانی چاہئے۔