کورونا وائرس سے نمٹنے عوام ’جنتا کرفیو‘ میں حصہ لیں

   

اتم کمار ریڈی کی اپیل، صفائی اور احتیاطی تدابیر کا مشورہ

حیدرآباد۔/21 مارچ، ( سیاست نیوز) صدرتلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی اتم کمار ریڈی نے ملک بھر میں کورونا وائرس کے خطرہ سے نمٹنے کیلئے وزیر اعظم کی جانب سے 22 مارچ کو ایک روزہ جنتا کرفیو کی تجویز کا خیرمقدم کیا۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ جنتا کرفیو میں حصہ لیتے ہوئے کامیاب بنائیں کیونکہ احتیاطی اقدامات کے ذریعہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکا جاسکتا ہے۔ انہوں نے خانگی تجارتی اداروں سے بھی تعاون کی اپیل کی۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ کورونا وائرس ملک میں پیر پھیلا رہا ہے۔ تلنگانہ میں تاحال 19 کیسیس کا پتہ چلا ہے۔ دیگر ممالک سے ہندوستان آنے والے افراد میں یہ وائرس پایا گیا۔سخت چوکسی اور احتیاطی اقدامات کے ذریعہ ہر شخص کو اپنی سماجی ذمہ داری ادا کرنی چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے دی جارہی تجاویز اور ہدایات پر مکمل عمل کیا جائے۔ اس وائرس کا کوئی علاج ایجاد نہیں ہوا ہے صرف احتیاطی تدابیر کے ذریعہ نمٹا جاسکتا ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے 22 مارچ کو ایک روزہ جنتا کرفیو کی اپیل کی ہے جس کی پردیش کانگریس کمیٹی تائید کرتی ہے۔ ہر شخص کو اپنی ذمہ داری کا احساس کرتے ہوئے بند میں رضاکارانہ طور پر حصہ لینا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے ٹرانسپورٹ، اسکولس اور خانگی اداروں کو بند کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وائرس کے عام ہونے کے بعد سے غریب افراد خاص طور پر روزانہ کمائی کرنے والے خاندان معاشی مسائل کا شکار ہیں۔ حکومت کو چاہیئے کہ ایسے غریبوں کو چاول اور دیگر اشیائے ضروریہ مفت سربراہ کرے۔ انہوں نے سفید راشن کارڈ کے ذریعہ اشیائے ضروریہ کی سربراہی کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری دواخانوں میں وائرس سے نمٹنے کیلئے ادویات وافر مقدار میں رکھی جائیں اس کے علاوہ درکار طبی آلات اور ماسک فراہم کریں تاکہ ڈاکٹرس اور پیرا میڈیکل اسٹاف کو مریضوں کے علاج میں دشواری نہ ہو۔ اتم کمار ریڈی نے کانگریس کارکنوں سے اپیل کی کہ وہ عوام کی خدمت میں جُٹ جائیں۔ غریبوں اور متوسط طبقات کا تحفظ کریں۔ عوام کو کورونا سے خوفزدہ ہونے کی ضرورت نہیں ہے بہتر صحت و صفائی اور احتیاطی اقدامات کے ذریعہ مرض سے بچا جاسکتا ہے۔