سی سی ٹی وی سے مشاہدہ ، بیرون ممالک سے واپس افراد کی رضاکارانہ خود سپردگی
حیدرآباد۔23مارچ(سیاست نیوز) رچہ کنڈہ کمشنریٹ کے حدود میں پائے جانے والے کورونا وائرس کے مریضوں کی نقل و حرکت اور ان کے مکانات کی نشاندہی کیلئے کمشنریٹ کے حدود میں جن مشتبہ مریضوں اور مصدقہ مریضوں کی نشاندہی ہورہی ہے ان کے مکانات کی جیو ٹیاگنگ کرتے ہوئے ان پر نظر رکھی جا رہی ہے اور جن مریضوں کو مکانات میں رہنے کی تاکید کی گئی ہے ان پر نظر رکھنے کے لئے سی سی ٹی وی کا مشاہدہ کیا جا رہاہے۔ ذرائع کے مطابق رچہ کنڈہ کمشنر مسٹر مہیش مرلی دھر بھگوت نے اپنے کمشنریٹ کے حدود میں پائے جانے والے مریضوں کے علاوہ بیرون ملک سے واپس ہونے والوں پر سخت نظر رکھنے کی تاکید کی ہے اور کہا جا رہاہے کہ ان کی جانب سے ہدایات کے موصول ہونے کے بعدمریضوں کے مکانات کی جیو ٹیاگنگ کے علاوہ ان کے مکانات پر اسٹیکر چسپاں کرنے کے علاوہ انہیں لوگوں سے الگ تھلگ رکھنے کے لئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔کمشنریٹ کے ذرائع کے مطابق قومی سطح پر عوامی کرفیو کے سبب کافی شعور اجاگر ہوا ہے اور لوگوں میں اس بات کا احساس پیدا ہوا ہے کہ حکومت کی جانب سے جو اقدامات کئے جا رہے ہیں وہ ناگزیر ہیں اور اب لوگ رضاکارانہ طور پر اس بات کی اطلاع دے رہے ہیں کہ انہیں کورونا وائرس کی علامات کا احساس ہورہا ہے ۔ بتایاجاتا ہے کہ ابتداء میں عوام بالخصوص وہ شہری جو بیرون ملک سے واپس ہوئے ہیں ان میں علامات کے ظاہر ہونے کے باوجود اس کو مخفی رکھنے کی کوشش کر رہے تھے لیکن اب شہریوں میں اس بیماری کے متعلق شعور اجاگر ہونے لگا ہے اور شہریوں کو اس بات کا اندازہ ہورہا ہے کہ اس بیماری کی بنیادی وجہ ایک دوسرے سے ملاقات اور متاثرہ شخص کے دوسروں کو چھونے سے ہی پھیل رہی ہے اسی لئے اب شہریوں میں اپنے اور اپنے اطراف کے ماحول کو محفوظ بنانے کا احساس پیدا ہونے لگا ہے اور کہا جا رہاہے کہ رچہ کنڈہ میں جو لوگ بیرون ملک سفر سے واپس ہوئے ہیں اب وہ رضاکارانہ طور پر ٹول فری نمبر سے یا پولیس ے رابطہ قائم کرتے ہوئے انہیں تفصیلات سے واقف کروا رہے ہیں۔ بتایاجاتا ہے کہ جن شہریوں کو گھروں میں رہنے کی تاکید کی گئی ہے اور اپنا خیال رکھنے اور دوسروں سے میل جول نہ رکھنے کی جو ہدایت دی گئی ہے ان کی نگرانی بھی محکمہ پولیس کی جانب سے کی جا رہی ہے۔