کورونا وائرس مزید چھ ماہ تک برقرار رہے گا

   

Ferty9 Clinic

رکن اسمبلی راج گوپال ریڈی کا انکشاف
حیدرآباد 7 مئی (سیاست نیوز) کانگریس رکن اسمبلی کومٹ ریڈی راجگوپال ریڈی نے پیش قیاسی کی ہے کہ کورونا وائرس کے اثرات مزید 6 ماہ تک برقرار رہیں گے۔ اُس وقت تک عوام کو چوکسی برقرار رکھنی چاہئے۔ کومٹ ریڈی راج گوپال ریڈی نے اپنے انتخابی حلقہ منگوڑ کا دورہ کرتے ہوئے غریبوں میں غذائی اجناس تقسیم کئے۔ اِس موقع پر اُنھوں نے کہاکہ لاک ڈاؤن کے نتیجہ میں غریبوں کو سخت مشکلات کا سامنا ہے۔ 40 ہزار خاندانوں میں 3 کروڑ روپئے کے صرفہ سے ضروری اشیاء تقسیم کی جائیں گی۔ رکن اسمبلی اپنے ماں کے نام سے قائم کردہ فاؤنڈیشن کے ذریعہ یہ امداد کررہے ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ کانگریس کارکن امدادی کاموں میں مصروف ہیں۔ کومٹ ریڈی راجگوپال ریڈی نے بتایا کہ ملک میں جس طرح کورونا وائرس کا پھیلاؤ جاری ہے اُس سے اندازہ ہوتا ہے کہ فوری طور پر نجات ممکن نہیں ہے۔ مختلف بین الاقوامی اداروں اور تنظیموں کی رپورٹ کے مطابق کورونا کا خاتمہ فوری طور پر ممکن نہیں۔ ہندوستان میں مزید 6 ماہ تک اِس کے اثرات برقرار رہیں گے لہذا حکومت اور عوام کو احتیاطی تدابیر کے سلسلہ میں چوکسی ضروری ہے۔