آیوش منسٹری کی تجویز کردہ دوائیں تحقیق کے بغیر، لوک سبھا میں کورونا وائرس پر حکومت سے سوال
حیدرآباد۔ 20 مارچ (سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس اور نلگنڈہ کے رکن پارلیمنٹ اتم کمار ریڈی نے کورونا وائرس کے علاج کے لیے گائے کے پیشاب کے استعمال کے بارے میں بی جے پی کے پروپگنڈے کو مضحکہ خیز قراردیا۔ انہوں نے لوک سبھا میں وقفہ سوالات کے دوران ملک میں کورونا وائرس کا مسئلہ اٹھایا۔ انہوں نے مرکزی وزارت آیوش کی خامیوں کو بے نقاب کیا۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ وزارت آیوش نے اڈوائزری ظاہر کی ہے جس میں کورونا وائرس کے علاج کے سلسلہ میں بعض ادویات کا مشورہ دیا گیا۔ ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن اور وزیراعظم نریندر مودی نے کل رات کہا تھا کہ کورونا وائرس کے لیے کوئی دوائی ایسی نہیں جو روک سکے۔ کوئی ویکسین یا دوائی ایجاد نہیں ہوئی ہے۔ پھر کس طرح وزارت آیوش نے ریاستوں کو اڈوائزری جاری کرتے ہوئے بعض دوائوں کی نشاندہی کی۔ انہوں نے کہا کہ وزارت صحت نے جو اڈوائزری جاری کی ہے وہ آیوش کی اڈوائزری سے مختلف ہے۔ انہوں نے بتایا کہ آیوش منسٹری کے اڈوائزری کے مطابق تلنگانہ حکومت نے ادویات کی تقسیم کے لیے ایرپورٹ پر اسٹالس قائم کئے ہیں۔ 10 تا 15 کروڑ عوام آیوش پر بھروسہ کرتے ہیں۔ کورونا وائرس جیسے مرض نے تاحال علاج کے بارے میں کوئی سائنٹفک ثبوت دستیاب نہیں ہوا۔ باوجود اس کے آیوش منسٹری نے بعض ادویات کی تجویز پیش کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سائنٹفک ثبوت اور کلینکل ٹسٹ کے بغیر آیوش منسٹری کا یہ اقدام مضحکہ خیز ہے۔ اتم کمار ریڈی نے کورونا وائرس کے علاج کے سلسلہ میں میڈیا میں پھیلائی جارہی مختلف اطلاعات کا حوالہ دیا اور کہا کہ برسر اقتدار پارٹی سے تعلق رکھنے والے کئی افراد بیانات دے رہے ہیں کورونا کے علاج میں گائے کا پیشاب مفید ہے۔ بعض یوگا گرو نے بھی جڑی بوٹیاں تجویز کی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے اس پر خاموشی معنی خیز ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں کورونا وائرس کے لیے ابھی تک کوئی میکانزم تیار نہیں کیا گیا۔ ہندوستان کے شہری کی حیثیت سے میں خود اپنا کورونا وائرس ٹسٹ کرانا چاہتا ہوں لیکن ملک میں اس کا کوئی سسٹم نہیں ہے۔ انہوں نے شکایت کی کہ بیرونی ممالک سے آنے والے افراد کو رکھنے جانے والے کورنٹائن مراکز بنیادی سہولتوں سے محروم ہیں۔ صحت و صفائی کا کوئی انتظام نہیں۔ مرکزی مملکتی وزیر برائے آیوش سریپد نائک نے اپنے جواب میں وضاحت کی کہ سابقہ تجربات کی بنیاد پر ادویات کی تجویز پیش کی گئی ہے اور یہ ادویات انسان میں دفاعی طاقت میں اضافہ کرتے ہیں۔ مرکزی وزیر نے کہا کہ ہم اسے کورونا وائرس کی دوائوں کے طور پر پیش نہیں کررہے ہیں بلکہ یہ صرف کنٹرول کرنے کے لیے احتیاطی قدم ہے۔