ٹی وی مباحثہ میں گمراہ کن ادعا پر محکمہ صحت کا سخت نوٹ ، سلطان بازار پولیس میں شکایت
حیدرآباد : ڈائرکٹر پبلک ہیلت ڈاکٹر جی سرینواس راؤ نے ڈاکٹر پرچوری ملک کے خلاف ٹی وی مباحث پر کورونا وائرس کی تیسری لہر سے متعلق غلط اور بے بنیاد تفصیلات ٹی وی چیانل پر پیش کرنے پر سلطان بازار پولیس اسٹیشن میں ایک شکایت درج کروائی ہے۔ شکایت میں یہ بتایا گیا ہے کہ ڈاکٹر پرچوری ملک نے ایک تلگو ٹی وی چیانل پر مباحث کے دوران ناظرین کو یہ بتایا کہ کورونا وائرس کی آنے والی تیسری لہر سے ہر گھر میں ایک موت واقع ہوگی اور کورونا مریض کی نعش مسخ شدہ ہوجائے گی۔ ٹی وی چیانل پر مباحث کے دوران دیئے گئے بیان پر سخت نوٹ لیتے ہوئے محکمہ صحت کے عہدیداروں نے مذکورہ ڈاکٹر کے خلاف سلطان بازار پولیس اسٹیشن میں ایک شکایت درج کرواتے ہوئے ان کے خلاف کارروائی کرنے کی گزارش کی گئی ہے۔ شکایت میں یہ بتایا گیا ہے کہ مذکورہ ڈاکٹر کورونا وباء کے ماہر نہیں ہیں اور ان کے غلط اور بے بنیاد بیان سے عوام میں خوف و دہشت کا ماحول پیدا ہوگیا ہے۔ حالانکہ کورونا وباء سے پیدا شدہ صورتحال پر ہائی کورٹ بھی کڑی نظر رکھے ہوئے ہے اور حکومت اس وباء پر قابو پانے کیلئے ہر ممکن کوشش کر رہی ہے ۔ موجودہ صورتحال میں ڈاکٹر پرچوری ملک کا ٹی وی چیانل پر لاپروانہ انداز میں بلا کوئی شواہد کے اس قسم کے بیان جاری کرنے سے عوام تشویش کا شکار ہوگئی ہے اور اس وباء سے متعلق آنے والی کسی بھی لہر کے بارے میں واضح طورپر کچھ نہیں کہا جاسکتا۔ مذکورہ ڈاکٹر کے خلاف سخت کارروائی کرنے اور ان کے خلاف مقدمہ درج کرنے کیلئے ایک شکایت درج کی گئی ہے جس کی تحقیقات کا آغاز ہوچکا ہے۔