نئی دہلی۔ 25 مئی (ایجنسیز) ملک کے بعض حصوں میں کورونا وائرس کی نئی قسم کووڈ۔ اومیکرون ایکس بی بی کے کیسوں میں حالیہ اضافہ کے پیش نظر حکام احتیاطی تدابیر میں تیزی کے اقدامات کررہے ہیں۔ کووڈ کے ساتھ ہی ماسک کا تصور ابھر آتا ہے اور نئے وائرس کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے عین ممکن ہے کہ ماسک لگانا ضروری قرار دیا جاسکتا ہے۔ نئے کووڈ کی علامات میں اگرچہ کھانسی اور بخار شامل نہیں ہے لیکن جوڑوں میں درد ہوتا ہے، سردرد بھی رہتا ہے، گلا خشک ہونے اور پیٹھ درد کے ساتھ نمونیا کی شکایت بھی ہوسکتی ہے۔ اس کے علاوہ کھانے کی رغبت میں کمی نمایاں علامت رہے گی۔ بتایا جارہا ہے کہ کووڈ ۔ امیکرون ایکس بی بی سابقہ وائرس سے 5 گنا زیادہ مضر ہے۔ سنگاپور میں اس وائرس کے کیسوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے جس کے سبب دنیا کے مختلف حصوں میں احتیاطی اقدامات بڑھا دیئے گئے ہیں۔