کورونا وائرس کے حساس مقامات کا جنگی خطوط پر پتہ لگائیں

,

   

وباء سے نمٹنے ہر سطح پر قائدین و تنظیموں کے ساتھ مشترکہ حکمت عملی تیار کرنے پر زور
وزیراعظم نریندر مودی کی چیف منسٹرس کے ساتھ ویڈیو کانفرنس، صورتحال کا جائزہ

نئی دہلی۔2۔اپریل (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی نے ملک میں کورونا وائرس کی وباء کے بہت زیادہ حساس مقامات (ہاٹ اسپاٹ) کا جنگی خطوط پر پتہ لگائیں۔انہوں نے وباء کے پھیلنے پر روک لگانے کی اپیل کرتے ہوئے آج ریاستوں سے کہا ہے کہ وہ سبھی ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کریں کیونکہ کچھ ممالک میں یہ وائرس دوبارہ پیر پھیلارہا ہے ۔وزیراعظم نے ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام ریاستوں کے وزرائے اعلی کے ساتھ آج ویڈیو کانفرنس کے ذریعہ کورونا سے پیدا ہونے والی صورت حال کا جائزہ لیا اور اس سے نمٹنے کے طریقہ کار پر تفصیل سے بات چیت کی۔پورے ملک میں کورونا کی وجہ سے نافذ کی گئیں مکمل پابندیوں پر ریاستوں کے تعاون کی تعریف کرتے ہوئے انہوں نے یہ بھی کہا ہے کہ مکمل پابندی کے خاتمے کے بعد ریاستوں کودھیرے دھیرے اس سے باہر آنے کے لئے یکساں پالیسی بنانے پر بھی کام کرنا چاہئے جس سے زندگی کو معمول پر لایا جاسکے ۔وزرائے اعلی سے زمینی حالات کی جانکاری لینے اوران کے مشورے سننے کے بعد مودی نے کہا کہ کورونا کے حساس مقامات کا جنگی خطوط پر پتہ لگایا جانا چاہئے اوریہ یقینی بنایا جانا چاہئے کہ یہ وہاں سے دوسری جگہ نہ پھیلیں۔ پورے ملک میں امن اور نظم قائم رکھنے پر زور دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کورونا نے ہمارے عقیدے اور یقین کو چوٹ پہنچائی ہے اور یہ ہماری زندگی کے لئے خطرہ بن کر آیا ہے ۔اس وبا سے یکجہتی کے ساتھ نمٹنے کے لئے انہوں نے وزرائے اعلی سے ریاست، ضلع، قصبہ اور بلاک کی سطح پر تمام لیڈروں اور ٖفلاح وبہبود کی تنظیموں کے ساتھ مل کر مشترکہ حکمت عملی بنانے پر زور دیا۔وزیراعظم نے کہا کہ لاک ڈاؤن کا مقصد انسانی زندگیوں کے کم سے کم ضائع ہونے کو یقینی بنانا ہے ۔ آنے والے چند ہفتوں میں کورونا مریضوں کی جانچ ، ان کی تلاش ، ان کو علحدہ کرنے اور ان کے کورنٹائن اہم امور ہیں جن پر توجہ مرکوز کی جائے گی ۔ وزیراعظم نے ضروری طبی اشیاء کی سپلائی کی برقراری کی اہمیت پر بھی زور دیا۔ زیادہ ڈاکٹرس کی دستیابی کو یقینی بنانے کیلئے انہوں نے آیوش ڈاکٹرس کے ذرائع سے استفادہ پر بھی زور دیا ۔ ہر سطح پر بحران سے نمٹنے انتظامی گروپس کی تشکیل کی بھی انہوں نے اپیل کی۔ اس موقع پر کورونا وائرس کی وباء کو روکنے کیلئے لاک ڈاؤن کے وزیراعظم کے بروقت فیصلہ کی ستائش کی گئی۔ وزیراعظم نے چیف منسٹرس سے تجاویز بھی طلب کی ہیں ۔ وزیراعظم نے کہا کہ ملک میں امن و قانون کی صورتحال کی برقراری بھی ضروری ہے۔ مرکزی وزیر داخلہ نے بعض ریاستوں میں لاک ڈاؤن پر سختی سے عمل آوری کی ضرورت پر زور دیا ۔ ہیلت سکریٹری نے نظام الدین تبلیغی مرکز سے کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ کا ذکر کیا اور کہا کہ اس پر قابو پانے کے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ چیف منسٹرس کے ساتھ ویڈیو کانفرنس کے موقع پر وزیر دفاع ، وزیر صحت ، پرنسپال سکریٹری ، کابینی سکریٹری اور دوسرے اعلیٰ عہدیدار بھی موجود تھے۔

قوم کے نام مودی کا آج ویڈیوپیغام
نئی دہلی ،2اپریل (سیاست ڈاٹ کام) کورونا کی وبا کے خلاف ملک گیر مہم کی قیادت کررہے وزیراعظم نریندرمودی جمعہ کی صبح ملک کے عوام کے نام ایک ویڈیوپیغام دیں گے۔ مودی نے آج ٹویٹ کے ذریعہ یہ اطلاع دی ۔انھوں نے کہا، ‘‘ کل صبح نو بجے ملک کے عوام کے نام ایک ویڈیو پیغام دونگا۔’’وزیراعظم نے آج ریاستوں اور مرکز کے زیرانتظام علاقوں کے وزرائے اعلی کے ساتھ ویڈیوکانفرنسنگ کے ذریعہ کورونا وائرس سے پیداہوئی صورتحال کا جائزہ لیا۔