کورونا وائرس کے خاتمہ کیلئے متحدہ جدوجہد کریں

   

افواہیں پھیلانے والو ں کو انتباہ، ریاستی وزیر سرینواس گوڑ کی پریس کانفرنس
محبوب نگر۔/3 اپریل، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ہم سب کو مل کر کورونا وائرس کے خاتمہ تک متحدہ جدوجہد کرنا ہے اور یہی وقت کا تقاضہ بھی ہے۔ حکومت عوام کو وائرس سے محفوظ رکھنے میں کوئی کسر باقی نہیں رکھ رہی ہے ان عزائم کا اظہار ریاستی وزیر وی سرینواس گوڑ نے آج دوپہر مستقر محبوب نگر کے ریلوے اسٹیشن کے قریب میونسپل گیسٹ ہاوز گداگروں کے مرکز میں کیا۔ وہ ریڈ کراس سوسائٹی کے زیر اہتمام لاوارث اور گداگروں میں بیڈ شیٹس، پلیٹس اور گلاس تقسیم کررہے تھے۔ انہوں نے بتایا کہ اس مرکز میں 100 سے زائد محتاجوں میں 3 وقت کا کھانا فراہم کیا جارہا ہے اور رہائش کا بھی نظم ہے۔ گداگروں کو پابند کیا کہ وہ صاف ستھرے رہیں اور سماجی فاصلہ قائم رکھیں۔ انہوں نے اس موقع پر اخباری نمائندوں کو بتایا کہ ضلع میں ابھی تک 2 پازیٹو کیس سامنے آئے ہیں جن کا علاج گاندھی ہاسپٹل میں جاری ہے۔ انہوں نے کسانوں کو اطمینان دلایا کہ وہ حالات سے متفکر نہ ہوں حکومت ان کی فلاح کے سلسلہ میں اقدامات کررہی ہے۔ کسانوں سے دھان کی خریدی کیلئے گرام پنچایت سطح پر مراکز قائم کئے جارہے ہیں۔ اس طرح ضلع میں 225 مراکز ہوں گے اور ریاست بھر کے کسانوں سے دھان کی خریدی کیلئے 37 ہزار کروڑ بجٹ مختص کیا گیا ہے۔ انہوں نے سوشیل میڈیا پر کورونا وائرس سے متعلق بے بنیاد اطلاعات اور افواہیں پھیلانے والوں کو انتباہ دیا اور کہا کہ ایسا کرنے والوں کا انجام آپ کو معلوم ہے اور وہ جیل میں ہیں۔ ریاستی وزیر نے مستقر کے محلہ جات راجندر نگر اور رامیا باؤلی کا دورہ کیا اور صفائی و سیانٹیشن کیلئے خصوصی ہدایات دیں۔ ان کے ہمراہ میونسپل کمشنر سریندر و دیگر موجود تھے۔