کورونا وائرس کے متاثرین کیلئے ہند۔پاک سیریز کی تجویز

   

سریز کوئی بھی ٹیم جیتے کامیابی انسانیت کی ہوگی :شعیب اختر

لاہور۔9 اپریل (سیاست ڈاٹ کام)کورونا متاثرین کی امداد کیلئے شعیب اختر نے ہند۔پاک ونڈے سیریز کی تجویز پیش کی ہے ۔ایک انٹرویو میں سابق ٹسٹ کرکٹر شعیب اختر نے کہاکہ روایتی حریف ٹیموں پاکستان اور ہندوستان کے مقابلے دنیا بھر میں شائقین کی توجہ کا مرکز بنتے ہیں  دونوں ملک 3 ونڈے میچز کی سیریز کھیل کر آمدنی برابر تقسیم کرکے ضرورت مندوں کی مدد کرسکتے ہیں۔ اس سیریزکا نتیجہ کچھ بھی ہودونوں ٹیموں کی جیت ہوگی، پاکستان اور ہندوستان ایک دوسرے کے لیے کھیلیں گے، ایسا پہلی مرتبہ ہوگا کہ کسی ٹیم کے پرستار بھی ہار پر دلبرداشتہ نہیں ہوں گے۔ ویراٹ کوہلی کی سنچری پر ہم اور بابر اعظم کی سنچری پر ہندوستانی خوش ہوں گے۔ انھوں نے کہا کورونا وائرس کی وجہ سے موجودہ حالات اس کی اجازت نہیں دیتے لیکن جتنی جلد ممکن ہو سیریز کا انعقاد کرکے فلاحی مقاصد حاصل کیے جا سکتے ہیں، کرکٹ کے ذریعے دونوں ملکوں کے محروم طبقے کا دکھ کم کرنے میں مدد ملے گی۔ انھوں نے تجویز پیش کی کہ کرکٹرز کو چارٹرڈ فلائٹ سے دبئی پہنچا کر مقابلوں کا انعقاد کیا جا سکتا ہے، اگر سیریز ممکن ہوجائے تو دونوں ملکوں کے کرکٹ اور سفارتی تعلقات میں بہتری آئے گی۔پاکستان کے سابق فاسٹ بولر نے اس مشکل وقت میں ایک دوسرے کی مدد کرنے پر بھی زور دیا ہے۔