کورونا وائرس کے مکمل خاتمہ کیلئے سنت رسولؐ پر عمل اور کثرت توبہ و استغفار ضروری

   

کائنات کی کوئی بھی شئے بغیر حکم الہٰی کے متحرک نہیں ہوسکتی : مولانا محمد زعیم الدین حسامی
حیدرآباد ۔ /20 مارچ (پریس نوٹ) اللہ تعالیٰ سورۃ الانفال آیت نمبر 33 میں ارشاد فرماتے ہیں کہ اللہ ان پر عذاب کیسے کرے جب کہ آپ (ﷺ) ان میں موجود ہیں اور اللہ ان کو عذاب دینے والا نہ تھا جبکہ وہ مغفرت طلب کرتے ہیں اور سورۃ ملک میں ارشاد باری تعالیٰ ہے کہ وہ ذات (یعنی اللہ تعالیٰ) جس نے موت اور حیات کو اس لئے پیدا کیا تاکہ دیکھیں تم میں کون اچھے عمل کرتا ہے اور وہ غالب اور بہت بخشنے والا ہے ۔ حضرت رسول اللہ ﷺ نے ارشاد فرمایا ہے کہ صدقے کے ذریعہ سے اپنی بیماریوں کا علاج کرو اور ارشاد فرمایا ہے کہ صدقہ بری موت سے بچاتا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار معتمد سراج العلماء اکیڈیمی مولانا محمد زعیم الدین حسامی نے مدینہ مسجد میں جلسہ حالات حاضرہ سے خطاب میں کیا ۔ مولانا حسامی نے کہا کہ آج ساری دنیا مہلک وبائی مرض کورونا وائرس سے اس قدر متاثر ہوچکی ہے کہ دیڑھ سو سے زیادہ ممالک اس کی لپیٹ میں آچکے ہیں ۔ اب تک تقریباً نو ہزار لوگ مرچکے ہیں اور دو لاکھ سے زیادہ لوگ اس وائرس کے شکار ہوگئے ہیں اور آدھی سے زیادہ دنیا متاثر ہوچکی ہے ۔ لہذا اس آزمائشی دور میں ہمیں چاہئیے کہ ہم صمیم قلب سے اللہ تعالیٰ کی طرف رجوع ہوجائیں اور کثرت توبہ و استغفار کرتے رہیں اور سنت رسول ﷺ پر عمل کریں ۔ اس وائرس سے بچنے کا یہی واحد علاج ہے ۔ مولانا حسامی نے کہا کہ حالات سے ڈرنے یا مایوس ہونے کی ضرورت نہیں ہے بلکہ صبر کرے اور تقدیر پر مکمل یقین رکھیں کہ اللہ تعالیٰ کی ذات مبارکہ ہر چیز پر قدرت رکھنے والی ہے ۔ قرآن پاک میں ارشاد باری تعالیٰ ہے کہ اللہ تعالیٰ صبر کرنے والوں کو اور توکل کرنے والوں کو پسند فرماتا ہے ۔ آخر میں مولانا حسامی نے کہا کہ آج احتیاطی طور پر ہمیں گھروں میں رہنے کیلئے کہا جارہا ہے ۔ لہذا اپنے اپنے گھروں میں قرآن خوانی ، آیت کریمہ و ذکر الہٰی اور کثرت توبہ و استغفار اور درود پاک کا اہتمام کریں ۔ انشاء اللہ تعالیٰ حالات جلد از جلد درست ہوجائیں گے ۔