حکومت پر حیدرآباد کے پرانے شہر نظر انداز کرنے کا الزام ، جی ایچ ایم سی کو توجہ دینے کی ضرورت
حیدرآباد۔22مارچ(سیاست نیوز) کورنا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کیلئے ریاستی و مرکزی حکومت کی جانب سے سخت اقدامات کئے جا رہے ہیں اور اس بات کی کوشش کی جا رہی ہے کہ شہر ہی نہیں بلکہ ملک بھرمیں صاف صفائی کو یقینی بنایا جائے۔ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے شہر کے کئی علاقو ںمیں صفائی کے خصوصی انتظامات کئے جانے لگے ہیں لیکن پرانے شہر کو اس معاملہ میں بھی نظر انداز کئے جانے کی شکایات منظر عام پر آئی ہیں اور کہا جا رہاہے کہ ریاستی حکومت کی واضح ہدایات کے باوجود پرانے شہر کے گنجان آبادی والے علاقوں سے کچہرے کی نکاسی کے انتظامات کو بہتر بنانے کے علاوہ موجودہ کچہرے کو فوری نکالتے ہوئے ان علاقوںمیں ادویات کے چھڑکاؤ کے اقدامات ناگزیر ہیں۔شہر حیدرآباد و ریاست تلنگانہ میں کورونا وائرس کی ہنگامہ آرائی کے آغاز کے ساتھ نئے شہر کے کئی علاقوں میںمجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے کاروائیوں کے ذریعہ ادویات کے چھڑکاؤ اور صفائی کی مہم دیکھی گئی لیکن پرانے شہر میں صفائی مہم اور ادویات کے چھڑکاؤ کے نام پر تاریخی چارمینار اور مکہ مسجد کے اس پاس صفائی کے اقدامات کی تصویر کشی کے ذریعہ یہ تاثر دیا گیا کہ ریاست بالخصوص شہر حیدرآباد میں حکومت کی جانب سے صفائی کے بہتر انتظامات کئے جا رہے ہیں۔ریاستی حکومت کی جانب سے صفائی کو بہتر بنانے کے سلسلہ میں جاری کردہ احکامات میں مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کو اس بات کی ہدایت دی ہے کہ روزانہ کے اساس پر کچہرے کی نکاسی کو یقینی بنایا جائے اور جن مقامات سے کچہراہٹایا جا رہاہے ان مقامات پر بلیچ کے علاوہ دیگر ادویات کے چھڑکاؤ کو یقینی بنایاجائے۔بلدی عہدیداروں نے بتایا ہے کہ شہر حیدرآباد و سکندرآباد کے حدود میں اس بات کی کوشش کی جا رہی ہے کہ تمام مکانوں سے کچہرا راست حاصل کیا جائے تاکہ کسی ایک مقام پر کچہرا جمع نہ ہو جس کے سبب بدبو و تعفن کے علاوہ بیماریوں کے پھیلنے کا موجب بنے۔کورونا وائرس سے بچاؤ کی تدابیر میں سب سے اہم اپنے آس پاس کے ماحول کو صاف ستھرا بنائے رکھنے کے علاوہ کچہرے کی نکاسی کے نظام کو درست کرتے ہوئے ماحول کو گندہ ہونے سے بچائے کیونکہ کورونا وائرس ان لوگوں کو جلد اپنا شکار بناتا ہے جن کا نظام قوت مدافعت کمزور ہوتا ہے اور بدبو و تعفن کے علاوہ چہرے کے سبب جو بیکٹیریا پھیلتے ہیں وہ انسان کی قوت مدافعت کو کمزور کرنے میں اہم کردار ادا کرتی ہے اسی لئے بنیادی طور پر صفائی کو یقینی بنانے کیلئے اقدامات ناگزیر ہیں کیونکہ اگر صفائی کو یقینی بنانے کے اقدامات نہیں کئے جاتے ہیں تو ایسی صورت میں ہر شہری کے نظام قوت مدافعت میںکمزوری واقع ہوگی ۔پرانے شہر کے گنجان آبادی والے علاقوں کے علاوہ اہم مصروف سڑکوں سے بھی کچہرے کی صفائی کو یقینی بنانے کے اقدامات کئے جانے چاہئے اور اس سلسلہ میں جی ایچ ایم سی عملہ کو متوجہ ہونے کی ضرورت ہے اور انہیں متوجہ کروانا شہر حیدرآباد کی بلدیہ کے منتخب ہونے والے عوامی نمائندوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس طرح کے ہنگامی حالات میں صفائی کو یقینی بنائیں۔