بیجنگ ۔ 3 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) چینی حکومت نے بتایا ہے کہ کورونا وائرس کی ایک نئی قسم سے ہونے والی ہلاکتیں 361 ہو گئی ہیں۔ چین سے باہر فلپائن میں اسی وائرس میں مبتلا ایک شخص کے ہلاک ہونے کی تصدیق کر دی گئی ہے۔ چین سے باہر کسی دوسرے ملک میں اس بیماری سے ہونے والی یہ پہلی موت ہے۔ چوالیس سالہ شخص کی موت فلپائنی دارالحکومت منیلا کے ایک ہاسپٹل میں ہوئی۔ بیجنگ حکومت نے اس وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد چودہ ہزار سے زائد بتائی ہے۔ اتوار کو تقریباً تین ہزار نئے مریضوں میں وائرس کی تشخیص کی گئی۔ دوسری جانب دنیا کے مختلف ممالک میں ایک سو تیس افراد نمونیا کا باعث بننے والے اس وائرس میں مبتلا ہیں اور اْن کا علاج جاری ہے۔