کورونا وائرس : ہندوستان اسٹیج 3 میں داخل ۔ لاکھوں افراد فاقہ کشی کا شکار!

,

   

عوام کیلئے آئندہ 10 دن نازک ،احتیاط ضروری، اب تک 871 متاثر، 21 اموات ، مہاراشٹرا میں 3 ڈاکٹرس کا ٹسٹ بھی پازیٹیو

نئی دہلی 27 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان کورونا وائرس کے اسٹیج 3 میں داخل ہورہا ہے ۔ ہاسپٹلس ٹاسک فورس کے ڈاکٹرس نے بتایا کہ ہندوستان کیلئے یہ خطرناک خبر ہے ۔ یہاں آئندہ 10 دن ہمارے لئے امتحان کے ہیں ۔ عوام کوئی چیز خریدنے کیلئے باہر نہ جائیں ۔ عوام کو حد درجہ احتیاط برتنے کی ضرورت ہے ۔ ملک بھر میں لاک ڈاؤن کے تیسرے دن لاکھوں افراد فاقہ کشی کا شکار ہوگئے ہیں۔ ایک ریاست سے دوسری ریاست منتقل ہوکر روزگار کی تلاش کرنے والے افراد اب اچانک بے روزگار ہوگئے ہیں۔ یہ بے سہارا مزدور وطن واپسی کے لئے بے تاب ہیں۔ کئی میل پیدل چلتے ہوئے وطن پہونچنا چاہتے ہیں لیکن کڑی دھوپ اور بھوک نے انھیں بے حال کردیا ہے۔ چیف منسٹر دہلی اروند کجریوال نے مزدوروں سے اپیل کی ہے کہ وہ ریاست چھوڑ کر نہ جائیں۔ اِن کے لئے اُنھوں نے کھانے کا انتظام کیا ہے۔ اُنھوں نے 4 لاکھ مزدوروں کو روزانہ کھانا کھلانے کا اعلان کیا۔ مرکز نے ریاستی حکومت سے کہا ہے کہ وہ لاک ڈاؤن کے باعث میگرینٹ ورکرس کی نقل مکانی کو روکتے ہوئے ان کا خیال کریں۔ دہلی کی سرحد پر غازی پور میں ہزاروں مزدور پھنسے ہوئے ہیں۔ یہ لوگ اپنی آبائی ریاست اترپردیش کی سرحد پر بے یار و مددگار پائے گئے۔ کورونا وائرس کے باعث منگل کی نصف شب سے 21 روزہ لاک ڈاؤن نافذ کیا گیا ہے۔ کئی ریاستوں میں لاکھوں مزدور اپنے مواضعات کو چھوڑ کر روزگار کی تلاش میں منتقل ہوئے تھے لیکن اب یہ لوگ بے روزگار ہوگئے ہیں اور ان کے سر سے سہارا بھی چھن گیا ہے۔ مرکزی وزیرداخلہ امیت شاہ نے بعض ریاستوں کے چیف منسٹرس سے بات چیت کی اور مزدوروں کی بڑے پیمانے پر نقل مکانی کے مسئلہ پر تبادلہ خیال کیا۔ جیسا کہ مرکز اور ریاستی حکومت نقل مکانی کرنے والے ورکرس کی مشکلات کو آسان کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ یہ مزدور اپنا روزگار کھوچکے ہیں، پیٹ میں دانا نہیں ہے اور در در بھٹک رہے ہیں اور انھیں منزل تک پہونچنے سواری میسر نہیں ہے۔ وزارت داخلہ نے ایک اڈوائزری جاری کرتے ہوئے تمام ریاستوں سے کہا ہے کہ وہ زرعی، صنعتی اور غیر منظم شعبوں میں کام کرنے والے لاکھوں ورکرس کی دیکھ بھال کریں۔ ریاستوں اور مرکزی زیرانتظام علاقوں کو یہ بھی مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ اِن افراد میں حکومت کی اسکیمات اور اقدامات سے متعلق بیداری پیدا کریں۔ کورونا وائرس سے سب سے زیادہ مہاراشٹرا متاثر بتایا گیا ہے جہاں پر 28 نئے کیس سامنے آئے۔ جہاں جملہ 153 مریض زیرعلاج ہیں۔ 3 ڈاکٹرس بھی متاثر بتائے گئے ہیں۔ 85 سالہ ڈاکٹر جنھیں کورونا وائرس کا شبہ تھا آج ممبئی کے ایک خانگی ہاسپٹل میں فوت ہوگئے۔ گجرات میں کورونا متاثرین کی تعداد 47 ہوگئی ہے۔ کرناٹک میں ٹمکور میں ایک 60 سالہ شخص دواخانہ میں فوت ہوگیا اِس کا کورونا وائرس ٹسٹ پازیٹیو پایا گیا تھا۔ دیگر 8 افراد بھی کورونا وائرس سے متاثر ہیں۔ کرناٹک میں وائرس سے متاثرین کی تعداد 64 ہوگئی ہے۔ منگلورو میں ایک 10 ماہ کا بچہ بھی کورونا وائرس سے متاثر ہوا ہے جس کا ٹسٹ پازیٹیو پایا گیا۔ راجستھان میں ایک 60 سالہ شخص کورونا وائرس ٹسٹ پازیٹیو پایا گیا تھا جو آج فوت ہوگیا۔ ریاست میں متاثرین کی تعداد 27 ہوگئی ہے۔ کورونا وائرس سے دنیا بھر میں مرنے والوں کی تعداد 25 ہزار سے زیادہ ہوگئی ہے۔ جبکہ امریکہ میں صورتحال چین اور اٹلی سے زیادہ ابتر بتائی گئی ہے۔ ایران میں مرنے والوں کی تعداد 2378 ہوگئی۔