کورونا وباء میں بھی حکومت منافع حاصل کررہی ہے

,

   

شرامک ٹرینوں سے مائیگرینٹ ورکرس کی منتقلی پر 429کروڑ روپئے کی آمدنی ‘ راہول گاندھی کی تنقید

نئی دہلی۔کانگریس کے سابق صدر راہول گاندھی نے حکومت پر بیماری کے وقت بھی کمائی کرنے کا الزام لگایا اور کہا کہ اسے بحران کے اس وقت عوام کی نہیں صرف اپنے مفاد کی فکر ستا رہی ہے ۔ راہول نے ہفتے کو کہا،‘‘بیماری کے ‘بادل’چھائے ہیں ،لوگ مصیبت میں ہیں،انہیں فائدہ پہنچایا جاسکتا ہے،لیکن حکومت قدرتی آفت کو منافع میں بدل کر کما رہی ہے ۔یہ حکومت مخالف غریب ہے ۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے ایک خبر بھی پوسٹ کی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ مائیگرینٹ ورکرس کی ٹرینوں کے ذریعہ منتقلی سے ریلوے نے جم کر منافع حاصل کیا ہے اور جون تک ریلوے کو 429.90 کروڑ روپے کی آمدنی ہوئی ہے۔ راہول گاندھی کا یہ ٹوئیٹ وزارت ریلوے کی جانب سے 9 جولائی تک شرامک اسپیشل ٹرینوں کے ذریعہ مائیگرینٹ ورکرس کی منتقلی سے حاصل ہونے والی آمدنی کے انکشاف کے بعد سامنے آیا ہے۔ راہول گاندھی نے اپنے ٹوئٹ کے ساتھ ریلوے کو حاصل ہوئی آمدنی کی رپورٹ کی نقل بھی پوسٹ کی ہے۔ راہول گاندھی، وزیراعظم نریندر مودی کی زیرقیادت مرکزی حکومت پر مسلسل تنقیدیں کررہے ہیں۔ ہفتہ کو بھی انہوں نے حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ یہ حکومت، غریبوں کے خلاف کام کررہی ہے جو کورونا وائرس جیسی مہلک وباء کے دوران ہی نفع کمانے پر توجہ دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کی وباء سے بڑی تعداد میں متاثر ہورہے ہیں اور اس وباء سے اموات بھی ہورہی ہیں۔ حکومت ان کی فلاح و بہبود کے بجائے نفع کما رہی ہے۔لاک ڈاؤن کے بعد پھنسے ہوئے مزدو روں کو ان کے آبائی مقامات پر پہنچانے کے لئے وزارت ریلوے نے یکم مئی سے خصوصی ٹرینوں کا انتظام کیا، اور 9 جولائی تک ریلویز کو کرایہ کے ذریعہ 429 کروڑ روپئے سے زیادہ آمدنی حاصل ہوئی ہے۔