کورونا وباء کے پیش نظر جگا ریڈی سالگرہ نہیں منائیں گے

   

حلقہ انتخاب جانے سے گریز، حیدرآباد سے مسائل کی یکسوئی
حیدرآباد۔ کانگریس کے رکن اسمبلی جگا ریڈی نے کہا کہ وہ کورونا وائرس کے تیزی سے پھیلاؤ کے سبب سنگاریڈی جانے سے گریز کررہے ہیں کیونکہ ان کے سنگاریڈی جانے پر عوام بڑی تعداد میں ان سے ملاقات کیلئے آئیں گے اور موجودہ حالات میں یہ عوام کیلئے مناسب نہیں ہے۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ سنگاریڈی گئے بغیر بھی وہاں کے مسائل سے بخوبی واقف ہیں اور یکسوئی کیلئے عہدیداروں سے ربط میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ روزانہ وہ سنگاریڈی اسمبلی حلقہ کے مسائل کے بارے میں معلومات حاصل کررہے ہیں اور عوام کو تشویش میں مبتلا ہونے کی ضرورت نہیں ہے میری اولین ترجیح عوام کی خدمت ہے اوراس کیلئے ہمیشہ تیار رہوں گا۔ جگا ریڈی نے عوام کو مشورہ دیا کہ وہ کورونا سے بچاؤ کیلئے ہر ممکن احتیاطی قدم اٹھائیں۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کے عوام کورونا وائرس کے سبب عوام کافی پریشان ہیں لیکن حکومت صورتحال کو نظرانداز کرچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام میں احتیاطی تدابیر کے بارے میں شعور بیداری حکومت کی ذمہ داری ہے۔ جگاریڈی نے اعلان کیا کہ کورونا وائرس سے عوام کی پریشانیوں کو دیکھتے ہوئے انہوں نے 7 جولائی کو اپنی سالگرہ نہیں منانے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے سنگاریڈی کے کانگریس قائدین اور کارکنوں سے اپیل کی کہ وہ ان کی سالگرہ تقاریب نہ منائیں۔ اگر کوئی ان کے حق میں تقریب منعقد کرنا چاہتے ہیں تو انہیں چاہیئے کہ اسی رقم سے غریبوں کی مدد کریں۔