کورونا ویاکسن کیلئے انسانی تجربہ کی نمس میں تیاریاں

   

حیدرآباد۔ ملک کے 12 دیگر اداروں کے ساتھ نظامس انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسس ( نمس ) حیدرآباد نے کورونا ویاکسن کیلئے بہت جلد انسانی تجربہ کا فیصلہ کیا ہے۔ نمس کی جانب سے ویاکسن کے تجربہ کی تجویز ایتھکس کمیٹی کو پیش کی گئی ہے۔ انڈین کونسل آف میڈیکل ریسرچ نے ہاسپٹل کے ساتھ ریسرچ کی سہولتوں کو منظوری دی ہے۔ محکمہ صحت کے ذرائع نے بتایا کہ کورونا ویاکسن کے کسی تجربہ کیلئے دواخانوں کی ایتھکس کمیٹی سے اجازت ضروری ہے۔ توقع ہے کہ اندرون دو یوم اس سلسلہ میں اجازت مل جائے گی۔ ویاکسن جسے بھارت بائیوٹک نے تیار کیا ہے اُسے والینٹرس کو دیا جائے گا۔ 6 ماہ تک ویاکسن کا تجربہ جاری رہ سکتا ہے اور 22 تا50 سال کی عمر کے افراد کو تجربہ کیلئے منتخب کیا جائے گا۔ نمس کو گزشتہ 12 برسوں کے دوران دس سے زائد معاملات میں انسانوں پر تجربہ کا اعزاز حاصل ہے۔