کورونا ٹیکہ اندازی کیلئے تیاریاں جاری حیدرآباد۔ میڑچل اور رنگا ریڈی میں عہدیدار سرگر م

   

Ferty9 Clinic


حیدرآباد۔ ڈسٹرکٹ میڈیکل اینڈ ہیلت آفیسرس و ضلع ٹیکہ اندازی عہدیداروں کی جانب سے حیدرآباد ‘ میڑچل اور رنگاریڈی اضلاع میں کورونا ٹیکہ پرسکون انداز میں لگائے جانے کی تیاریاں شروع کردی گئی ہیں ۔ ٹیکہ جب کبھی مرکزی حکومت کی جانب سے فراہم کیا جائیگا ٹیکہ اندازی کا آغاز کردیا جائیگا ۔ یہ اندازہ کیا جا رہا ہے کہ پہلے مرحلہ میں یہ ٹیکہ تقریبا ایک لاکھ ہیلت ورکرس کو دیا جائیگا ۔ پیر کو مئیر بی رام موہن نے جی ایچ ایم سی کمشنر ڈی ایس لوکیش کمار کے ساتھ ٹیکہ اندازی کیلئے درکار تیاریوں کا جائزہ لیا ۔ضلع ہیلت عہدیداروں نے جی ایچ ایم سی سے اشتراک میں 1,100 مراکز کے قیام کا فیصلہ کیا ہے ۔ ہر مرکز میں 100 افراد کو ٹیکہ دیا جائیگا ۔ کہا گیا ہے کہ ٹیکہ اندازی کے مراکز کی نشاندہی اور یہاں تیاریوں کا عمل 10 جنوری 2021 تک مکمل کرلیا جائیگا ۔ حکام کی جانب سے سرکاری اسکولس اور کالجس کی شناخت کی جا رہی ہے جہاں مناسب جگہ ویٹنگ ‘ ٹیکہ اندازی اور پھر نگرانی کیلئے کمرے دستیاب ہوں۔ عہدیداروں کا کہنا ہے کہ کورونا ویکسین اور اس کے فوائد کے تعلق سے عوام میں شعور بیدار کرنے کیلئے بھی مہم کا باضابطہ آغاز کیا جائیگا ۔