مراکز کی تعداد میں کمی اور ویکسین اسٹاک موجود نہ ہونے کا عذر
حیدرآباد۔26ستمبر(سیاست نیوز) شہر میں کورونا ٹیکہ کی دوسری خوراک کیلئے مہم کو تیز کرنا ناگزیر ہے کیونکہ پہلی خوراک جس رفتار سے دی گئی اس رفتار سے دوسری خوراک نہیں دی جا رہی ہے جس سے شہریوں میں بے چینی ہے۔ محکمہ صحت کی جانب سے دوسری خوراک کے مؤثر انتظامات نہ ہونے سے جن لوگوں نے پہلی خوراک حاصل کرلی ان کو دوسری خوراک کیلئے خانگی دواخانوں کا رخ کرنا پڑرہا ہے اور خانگی دواخانوں میں بھی اب کورونا ٹیکہ کو اس رفتار سے جاری نہیں رکھا گیا جو پہلی خوراک کیلئے رکھا گیا تھا۔ دونوں شہروں میں کورونا ٹیکہ کی پہلی خوراک لینے والوں کو دوسری خوراک کیلئے مسائل کا سامنا ہے۔ کوویکسین حاصل کرنے والوںکو دوسری خوراک کے وقت سے 2ہفتہ گذر جانے کے باوجود کہا جا رہاہے کہ کو ویکسین کا اسٹاک نہیں ہے اسی طرح کووی شیلڈ لینے والوں کیلئے خصوصی مراکز لگائے گئے تھے اور کہا گیا تھا کہ 84 دن بعد دوسرے ٹیکہ کا بھی انتظام کیا جائے گا لیکن اب تک ایسا نہیں ہوپایا ہے ۔