کورونا کا خطرہ ابھی ٹلا نہیں۔ عوام احتیاط برتیں : حکومت

   

حیدرآباد۔ 22کورونا کا خطرہ ابھی ٹلا نہیں ہے اور کورونا سے محفوظ رہنے عوام کو محتاط رہنے کی ضرورت ہے ۔ تلنگانہ میں آئندہ 2ماہ کے دوران شہریوں کو کورونا سے محفوظ رہنے احتیاط کی ضرورت ہے۔ شہر میں بلدی انتخابات کے سلسلہ میں محکمہ صحت کی جانب سے مختلف امور کا جائزہ لینے کے علاوہ شہریوں میں شعور اجاگر کرکے انہیں انتخابی مہم اور رائے دہی کے دوران سماجی فاصلہ کی برقراری کے علاوہ ماسک کے استعمال کی تاکید کی جائے گی۔ حکومت کی جانب سے تمام سرکاری دواخانوں میں کورونا کے علاوہ دیگر امراض کے علاج و معالجہ کیلئے شعبہ جات میں خدمات کو بحال کردیا گیا ہے۔ ڈائرکٹر محکمہ صحت ڈاکٹر جی سرینواس راؤ نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری دواخانوں بشمول گاندھی ہاسپٹل اور تلنگانہ انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنس میں تمام شعبہ جات میں خدمات کو بحال کردیا گیا ہے۔ انہو ںنے بتایا کہ تلنگانہ میں آئندہ دو ماہ کے دوران سردی کی لہر کے ساتھ شہر میں انتخابات کے پیش نظر محکمہ صحت دیگر متعلقہ محکمہ جات سے تال میل جاری رکھے ہوئے ہے تاکہ کورونا کی لہر کو تیز ہونے سے روکا جاسکے۔ سرینواس راؤ نے بتایا کہ کورونا معائنوں کے دوران مثبت مریضوں کی تعداد میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ کورونا کو پھیلنے سے روکنے عوام میں شعور اجاگر کرنے کے علاوہ محتاط رہنے کا پابند بنایا جانا ناگزیر ہے کیونکہ موسم سرما کے دوران عام وبائی امراض کے سبب کورونا کی علامات نظر آتی ہیں لیکن ان سے خوفزدہ ہونے کی بجائے ڈاکٹر سے رجوع کریں اور علاج پر توجہ دیں۔ انہو ںنے بتایا کہ پر ہجوم مقامات سے اجتناب ‘ سردی‘ زکام ‘ کھانسی ‘سر درد‘ بخاراور دیگر علامات پر معائنہ کروائیں۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں کورونا متاثرین کی صحتیابی کے فیصد میں بھی بہتری ریکارڈ کی جارہی ہے اور سرکاری دواخانوں میں بہتر علاج کی سہولت فراہم کی جانے لگی ہے۔