کورونا کا خوف، اڈیشہ اسمبلی کا اجلاس، 29 مارچ تک ملتوی

   

بھوبنیشور 13 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) کورونا وائرس سے پھوٹ پڑنے والی وباء سے خوف کے سبب اڈیشہ اسمبلی کا اجلاس 29 مارچ تک ملتوی کردیا گیا حالانکہ بی جے پی ارکان نے اسپیکر کے اس فیصلے پر احتجاج کیا۔ گورنمنٹ چیف وہپ پرامیلا ملک کی جانب سے پیش کردہ تحریک کی ندائی ووٹ سے منظوری کے بعد اسپیکر ایس این پاترو نے رواں بجٹ سیشن کو ملتوی کردیا۔ پرامیلا ملک نے تحریک پیش کرتے ہوئے کہا تھا کہ کورونا وائرس کی وباء انتہائی خطرناک انداز میں دنیا بھر میں پھیل رہی ہے چنانچہ ایوان کو 29 مارچ تک ملتوی کردیا جانا چاہئے۔ پرامیلا ملک نے مزید کہاکہ عالمی ادارہ صحت بھی کورونا وائرس کو خوفناک متعدی وباء قرار دے چکا ہے۔ چیف منسٹر نوین پٹنائک بھی صورتحال پر ایوان میں بیان دے چکے ہیں۔