کورونا کا قہر، دھوپ کی شدت سے لیمو کی طلب میں زبردست اضافہ

   

فی عدد لیمو پانچ روپئے فروخت ، مستقبل میں قیمتوں میں مزید اضافہ ہونے کا امکان

حیدرآباد : شہر حیدرآباد کی مارکٹس میں لیمو کی طلب میں زبردست اضافہ ہوگیا ہے۔ ایک طرف دھوپ شدت اختیار کر گئی ہے تو دوسری طرف ریاست بالخصوص گریٹر حیدرآباد میں کورونا کے تیزی سے پھیلاؤ کے نتیجہ میں لیمو کے استعمال میں اضافہ ہوگیا ہے۔ گرمی سے راحت پانے کیلئے زیادہ تر لوگ لیمو کے شربت کو ترجیح دیتے ہیں۔ اس کے علاوہ لیمو میں وٹامن ’’سی‘‘ بھی موجود ہے۔ کورونا کا شکار ہونے سے بچنے اور جسم میں قوت مدافعت بڑھانے کیلئے لوگ ڈرائی فروٹس اور میڈیسن کا استعمال کررہے ہیں۔ میوہ جات خرید رہے ہیں مگر لیمو کی ا پنی ایک الگ مانگ ہے۔ لیمو میں شہد اور ہلدی ملا کر پینے سے قوت مدافعت میں اضافہ ہونے کے بھروسہ سے لوگ گذشتہ سال سے ہی لیمو کا زیادہ استعمال کررہے ہیں۔ حالیہ دنوں میں کورونا کی دوسری لہر تیزی سے پھیلنے پر لوگ زیادہ تر لیمو کو ترجیح دے رہے ہیں جس کی وجہ سے ہفتہ دو ہفتہ قبل 2 روپئے میں ایک لیمو دستیاب ہونے والا لیمو اب 5 روپئے میں ایک فروخت ہورہا ہے۔ قیمتوں میں اضافہ کے باوجود طلب کے مطابق لیمو مارکٹ میں دستیاب نہیں ہے۔ مختلف اضلاع سے شہر حیدرآباد کو لیمو سربراہ کرنے کے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ زیادہ تر لیمو اضلاع پداپلی، ورنگل اور کریم نگر سے شہر حیدرآباد پہنچتا ہے۔ طلب کے مطابق لیمو سربراہ نہ ہونے کی وجہ سے لیمو کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے۔ تاجرین کا کہنا ہے لیمو کی مانگ بہت ہے مگر سپلائی کم ہے۔ اگر ماہ اپریل میں ایک لیمو 5 روپئے میں فروخت ہورہا ہے تو مستقبل میں لیمو کی قیمت میں مزید اضافہ ہونے کا امکان ہے۔ آئندہ ماہ شادیوں کا سیزن ہے۔ لیمو کی قیمتوں میں اضافہ ہوسکتا ہے۔