کورونا کا مکمل خاتمہ نہیں ہوا، ڈبلیو ایچ او سربراہ کا انتباہ

   

جینوا : عالمی ادارہ صحت کے ڈائریکٹر ٹیڈروس اذانوم گیبریئس نے 75 ویں ورلڈ ہیلتھ اسمبلی میں اعلان کیا کہ وبائی بیماری کورونا کا یقینی اور مکمل خاتمہ نہیں ہوا۔امریکہ میں پانچ سال سے کم عمر بچوں کے لئے کورونا ویکسین کی منظوری حتمی مراحل میں ہے۔عالمی ادارہ صحت کے سربراہ کا یہ انتباہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب کچھ ممالک کورونا کسے متعلق ہدایات واپس لے رہے ہیں اور اس کے کیسز میں اضافہ ہورہا ہے۔عالمی ادارہ صحت کے سربراہ نے کہا ہے کہ تقریباً تمام خطوں کے 70 ممالک میں کورونا کے رپورٹ ہونے والے کیسز میں اضافہ ہورہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ اس وائرس نے ہمیں ہر موڑ پر حیران کیا ہے۔یہ ایک طوفان ہے جو بار بار کمیونٹیز کو متاثر کررہا ہے۔ اور ہم ابھی تک اس قابل نہیں ہیں کہ اس کے بارے میں کوئی حتمی پیشین گوئی کرسکیں یا اس کی شدت کا اندازہ لگاسکیں۔عالمی ادارہ صحت کے سربراہ نے کہا کہ اگرچہ کورونا وائرس کی وجہ سے دنیا بھر میں 60 لاکھ سے زیادہ لوگوں کی اموات رپورٹ ہوئی ہیں، لیکن اقوام متحدہ کے ادارے کا اندازہ ہے کہ یہ تعداد ڈیڑھ کروڑ سے کہیں زیادہ ہے۔ٹیڈروس نے تمام ممالک سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنی آبادی کے ستر فیصد لوگوں کی ویکسی نیشن سمیت کورونا کے خاتمے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات بروئے کار لائیں۔