کورونا کا پہلا ٹیکہ ایٹالہ راجندر لیں گے

,

   

عوام میں اعتماد بحال کرنے وزیر صحت کا فیصلہ
حیدرـآباد۔ ریاستی وزیر صحت ایٹالہ راجندر نے کہا کہ وہی پہلے تلنگانہ میں کورونا کا ٹیکہ لیں گے۔ ریاست میں کورونا ٹیکہ کی کامیاب طریقہ سے تقسیم کیلئے تمام انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں اور ٹیکہ کے بارے میں عوام میں اعتماد بحال کرنے کیلئے وہی پہلا ٹیکہ حاصل کریں گے۔ انہوں نے کورونا کی دوسری لہر تلنگانہ میں نہ ہونے کا دعویٰ کیا اور کہا کہ محکمہ صحت اس معاملہ میں کافی چوکس ہے۔ بڑے پیمانے پر احتیاطی اقدامات کئے جارہے ہیں۔ ریاست میںدو مرتبہ کامیابی سے کورونا ٹیکہ کی تمثیلی مشق کی گئی ہے۔ 10 ہزار سے زائد عملہ کو خصوصی تربیت فراہم کی گئی ہے۔ چیف منسٹر کے سی آر نے11 جنوری کو پرگتی بھون میں وزراء اور ریاست کے تمام کلکٹرس کا جائزہ اجلاس طلب کیا ہے جس میں کورونا ٹیکہ اندازی کا خصوصی جائزہ لیا جائے گا۔ کورونا ویکسین کو محفوظ رکھنے کیلئے کولڈ اسٹوریج کے بھی انتظامات کئے گئے ہیں۔ ہر سنٹر سے 10 ہزار کورونا ویاکسین تقسیم کرنے کی تیاریاں کی گئی ہیں۔ چیف منسٹر ٹیکہ اندازی کو کامیاب بنانے کیلئے مزید مفید مشورے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کئی امراض کا ویکسین بنانے والے حیدراباد کو کورونا ویکسین بنانے کا بھی اعزاز حاصل ہورہا ہے۔