حیدرآباد۔23مارچ(سیاست نیوز) تلنگانہ میں حکومت کی جانب سے 16ہزار افراد کی نگرانی کی جا رہی ہے جو لوگ بیرون ملک سے حیدرآباد پہنچے ہیں۔ چیف سیکریٹری سومیش کمار نے بتایا کہ تلنگانہ میں حکومت و انتظامیہ کی جانب سے کورونا وائرس کو روکنے متعدداقدامات کئے جارہے ہیں۔ تلنگانہ میں حکومت کی ہدایت کے بعد جن مشتبہ مریضوںکو گچی باؤلی اسٹیڈیم لے جایا گیا تھا تاکہ انہیں عوام سے الگ تھلگ کرکے رکھاجائے لیکن ان میں 1600 افراد کو انتظامیہ نے ان میں کورونا کی علامات نہ ہونے پر مکانات کو روانہ ہونے کی اجازت دے دی ہے لیکن انہیں ہدایت دی گئی ہے کہ وہ خود کو اپنے مکان تک محدود رکھیں ۔ سومیش کمار نے کہا کہ حکومت کی جانب سے جن مقامات پر مریض موجود ہیں ان کا محکمہ صحت و پولیس کی جانب سے روزانہ جائزہ لیا جا رہاہے تاکہ کسی طرح کی سرگرمیوںاور علامات کی صورت میں مریض کو فوری منتقل کیا جاسکے ۔انہوںنے بتایا کہ لوگ بیرون ملک سے واپس ہوئے ہیں ان پر نگاہ رکھی جا رہی ہے اور ان سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ گھر کے باہر قطعی طور پر نہ نکلیں ۔ چیف سیکریٹری نے بتایا کہ آئے دن مشتبہ مریضوں کی تعداد میں اضافہ کو دیکھتے ہوئے حکومت کی جانب سے سخت گیراقدامات کئے جا رہے ہیں ۔ یہ اقدامات نہ صر ف عوام کے مفاد میں ہیں بلکہ صحت عامہ کے تحفظ کیلئے ہیں۔ سومیش کمار نے کہا کہ عوامی کرفیو میں شہریوںنے رضاکارانہ حصہ لیتے ہوئے یہ ثابت کیا کہ وہ اپنے اور اپنے شہریوں کے متعلق متفکر ہیں ۔ انہو ںنے بتایا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے کئے گئے اقدامات کے تحت شہریوں کواب31 مارچ تک اسی طرح تعاون کرناہے ۔