کورونا کیخلاف ردعمل ،ٹرمپ انتہائی سست ثابت: سروے

,

   

امریکی عوام کی اکثریت کورونا کے خلاف لڑائی میں امریکی صدر کی کارکردگی سے مایوس

واشنگٹن ۔ 17 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) ایک تازہ سروے میں دو تہائی امریکی شہریوں نے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے انسداد کے لیے صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے ردعمل کو نہایت سست قرار دیا ہے۔پیو ریسرچ سینٹر کی جانب سے کرائے گئے سروے کے مطابق 65 فیصد امریکی شہری کووِڈ انیس کی وبا کے خلاف ڈونالڈ ٹرمپ کے اقدامات کو سست سمجھتے ہیں۔ صدر ٹرمپ نے ابتدا میں اس وبا کو کم سنگین قرار دیا اور ملک میں وائرس کے پھیلاؤ کے باوجود وہ معمول کی سرگرمیوں کی بحالی میں دلچسپی لیتے دکھائی دیئے۔ جمعرات کے روز جاری کردہ اس عوامی جائزے میں بتایا گیا ہے کہ سات تا 12 اپریل کے درمیان چار ہزار نو سو سترہ امریکی شہریوں سے اس بارے میں رائے معلوم کی گئی۔عوامی جائزے کے مطابق 52 فیصد امریکی شہریوں نے کہا کہ عوامی سطح پر ڈونالڈ ٹرمپ کے بیانات وبا کے حوالے سے حقیقی صورتحال کی بجائے لوگوں کو بہتر صورت حال دکھانے سے تعلق رکھتے ہیں۔ اس کے برعکس 39 فیصد امریکی شہریوں نے کہا کہ صدر ٹرمپ صورت حال کو حقیقی انداز سے پیش کر رہے ہیں۔ 8 فیصد کا البتہ یہ بھی کہنا تھا کہ ٹرمپ صورتحال کو زیادہ خوف ناک بنا کر پیش کر رہے ہیں۔صدر ٹرمپ حالیہ کچھ عرصے میں مختلف طبی ماہرین کے ہم راہ لمبی لمبی پریس کانفرنسز میں مصروف رہے ہیں۔ جمعرات کے روز انہوں نے تجویز دی تھی کہ اب معیشت کو رفتہ رفتہ کھولا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ اعداد و شمار بتا رہے ہیں کہ امریکہ میں اس وبا کی بلند ترین سطح اب گزر چکی ہے۔صدر ٹرمپ کی جانب سے یہ بیان ایک ایسے موقع پر سامنے آیا جب امریکہ کی جان ہوپکنز یونیورسٹی کے اعداد و شمار کے مطابق ملک میں چوبیس گھنٹوں میں 2569 ہلاکتیں رپورٹ کی گئیں، جو گزشتہ روز کے مقابلے میں زیادہ تھیں۔پیو سروے میں بتایا گیا ہے کہ 73 فیصد امریکی شہریوں کی رائے میں اس وبا کی وجہ سے ملک میں صورت حال ابتری کی جانب بڑھ رہی ہے۔ 66 فیصد امریکی شہریوں کے مطابق ملک میں نافذ بندشوں کے خاتمے میں جلد بازی سے کام لیا جا رہا ہے

امریکہ میں کورونا سے 32186 افراد ہلاک
واشنگٹن، 17 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) عالمی وبا کورونا وائرس (کووڈ -19) کے قہر سے امریکہ میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 4000 سے زائد افراد کے جاں بحق ہونے کے ساتھ ہی ہلاک شدگان کی تعداد بڑھ کر 32186 ہو گئی ہے ۔ جان ہاپکنز یونیورسٹی کے مطابق جمعرات تک ملک میں اس وبا سے ہلاک ہو نے والوں کی تعداد بڑھ کر 32186 پہنچ گئی ھے ، وہیں کووڈ -19 کے مصدقہ کیسز کی تعداد بڑھ کر 658،263 تک پہنچ گئی ہے ۔عالمی ادارۂ صحت 11 مارچ کو کووڈ -19 کو وبا قرار دے چکا ہے ۔ اعداد و شمار کے مطابق کورونا وائرس سے 2,101,073 افراد متاثر ہیں جبکہ ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 140,835 ہو گئی ہے۔