گھوڑوں پر سوار ہو کر محمد فاروق حسین اور کے پربھاکر نے عوام میں شعور بیداری
حیدرآباد :۔ ٹی آر ایس کے رکن قانون ساز کونسل محمد فاروق حسین اور ٹی آر ایس کے رکن پارلیمنٹ کے پربھاکر ریڈی نے سدی پیٹ میں گھوڑوں پر سوار ہو کر کورونا کے خلاف عوام میں شعور بیدار کی اور کوویڈ 19 کے رہنمایانہ خطوط پر سختی سے عمل کرتے ہوئے کورونا کو کنٹرول کرنے میں حکومت سے تعاون کرنے کی عوام سے اپیل کی ۔ ریاستی وزیر فینانس ٹی ہریش راؤ نے کورونا کے خلاف منفرد شعور بیداری مہم چلانے پر پارٹی قائدین کی ستائش کی ۔ محمد فاروق حسین نے کہا کہ ریاست میں کورونا کے واقعات میں تشویشناک اضافہ ہورہا ہے ۔ دو ماہ قبل تک ریاست تلنگانہ کورونا فری ریاست کی طرف گامزن تھا ۔ ساری ریاست میں صرف 150 سے کم کورونا کے کیس درج ہورہے تھے جس میں اب زبردست اضافہ ہوگیا ہے ۔ آج 6500 سے زائد کورونا کے نئے کیسیس درج ہوئے ہیں ۔ اموات کی تعداد میں بھی دن بہ دن اضافہ ہورہا ہے ۔ لہذا وہ عوام سے اپیل کرتے ہیں کہ احتیاطی اقدامات کریں ۔ غیر ضروری گھروں سے باہر نہ نکلیں ۔ سماجی دوری برقرار رکھیں اور سنیٹائزر کا بار بار استعمال کریں ۔ وہ سماج کے تمام طبقات مسلمان ، ہندو ، کرسچن اور سکھ بھائیوں سے بھی اپیل کرتے ہیں کہ کوویڈ 19 کے قواعد کے مطابق عبادتوں کو جاری رکھیں ۔ شادی ، بیاہ و دیگر تقاریبوں میں زیادہ عوام کو اکٹھا نہ کریں اور نہ ہی فضول خرچی کریں ۔ ساری انسانیت ایک نازک دور سے گذر رہی ہے ۔ اس موقع پر ہر کوئی ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کریں اور مدد کرے ۔ فاروق حسین نے نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ غیر ضروری گھروں سے باہر نہ نکلیں اور اپنے ساتھ کورونا کو گھروں میں نہ لیجائے ۔ اپنے ساتھ اپنے گھر کے ارکان خاندان کو محفوظ رکھنے پر زیادہ سے زیادہ توجہ دیں ۔ انہوں نے اضلاع جگتیال اور کاماریڈی میں کورونا سے فوت ہونے والے ہندوؤں کی آخری رسومات کے لیے ان کے رشتہ داروں کی دوری پر مسلم نوجوانوں کی جانب سے آخری رسومات انجام دینے کے معاملے میں تعاون کرنے پر ان نوجوانوں سے اظہار تشکر کیا اور ایسے کام کرنے والے مسلم نوجوانوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا بھی مشورہ دیا ۔۔