کورونا کیخلاف ٹیکہ اندازی مہم کا ایک سال مکمل

   

وباء سے لڑنے میں ویکسینیشن بڑی طاقت : وزیراعظم مودی
نئی دہلی : وزیراعظم نریندر مودی نے کورونا کے خلاف ٹیکہ اندازی مہم کے ایک سال کی تکمیل پر اس مہم سے وابستہ ہر شخص کو سلام کیا اور مبارکباد پیش کی۔ وزیراعظم نے مہم کی کامیابی کے ساتھ ایک سال کی تکمیل کی ستائش کی اور کہا کہ وباء سے لڑنے میں ٹیکہ کاری مہم سے بڑی طاقت حاصل ہوئی جس کے نتیجہ میں بے شمار زندگیوں کو بچایا گیا۔ انہوں نے اپنے ٹوئیٹ میں کہا کہ جس وقت یہ وباء شروع ہوئی اس سے متعلق زیادہ معلومات نہیں تھیں۔ تاہم ملک کے سائنسدانوں اور اختراعی اقدامات کرنے والوں نے سخت جدوجہد اور محنت کے بعد ویکسین تیار کیا۔ ہندوستان کو اس بات پر فخر ہیکہ ویکسین کے ذریعہ اس وباء سے لڑنے میں اس نے اپنا اہم حصہ ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس مہم میں ملک کے ڈاکٹرس، نرسیس اور ہیلتھ کیر ورکرس کا رول انتہائی غیرمعمولی ہے جس کیلئے انہوں نے مبارکباد پیش کی۔ مرکزی وزارت صحت کے مطابق 92 فیصد بالغ آبادی کم اـز کم ایک ڈوز لے چکی ہے جبکہ 68 فیصد کو دو ڈوز دیئے گئے۔