کورونا کیسوں میں بتدریج اضافہ ‘213 نئے کیس ‘ایک موت

,

   

پٹن چیرو کے ایک اسکول میں مزید 18 لڑکیاں اور راجندر نگر کے اپارٹمنٹ میں 10 افراد متاثر
حیدرآباد ۔ 4 ۔ دسمبر : ( سیاست نیوز ) : تلنگانہ میں کورونا متاثرین کی تعداد میں بتدریج اضافہ ہورہا ہے ۔ گذشتہ 24 گھنٹوں میں 39,495 کورونا ٹسٹ کیے گئے جس میں 213 کورونا پازیٹیو پائے گئے اور ایک شخص کی موت ہوئی جس سے ریاست میں مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 3998 تک پہونچ گئی ۔ محکمہ صحت سے جاری بلیٹن میں بتایا گیا کہ ریاست میں 3779 سرگرم ( ایکٹیو کیسیس ) ہیں ۔ دنیا بھر میں کورونا کی نئی شکل اومی کرون دہشت کے دوران تلنگانہ حکومت کی جانب سے ریاست میں سخت چوکسی اپنائی گئی ہے اور کورونا ٹیکہ اندازی مہم میں شدت پیدا کردی گئی ہے ۔ تاہم ریاست کے سرکاری اسکولس اور اقامتی اسکولس میں کورونا کا اثر دن بہ دن بڑھتا جارہا ہے ۔ ضلع سنگاریڈی کے پٹن چیرو منڈل متنگی بی سی گروکل لڑکیوں کے اسکول میں کورونا نے ہلچل مچادی ۔ اسکول میں آج 426 طالبات کا کورونا ٹسٹ کرایا گیا جس میں مزید 18 طالبات کا ٹسٹ نتیجہ پازیٹیو پایا گیا ۔ تمام متاثرہ طالبات کو اسکول میں ہی کورنٹائن رکھا گیا اور میڈیکل کٹس فراہم کرتے ہوئے ان کا علاج کرایا جارہا ہے جس سے طلبہ کے والدین اور سرپرستوں میں ڈر و خوف دیکھا جارہا ہے ۔ ضلع میدک کے گھن پور میں لڑکیوں کے گروکل اسکول میں دو طالبات کورونا سے متاثر ہوگئی ۔ اس کے علاوہ توپران کے حیدر گوڑہ گورنمنٹ اسکول کی ایک ٹیچر اور ان کے دو بچے کورونا سے متاثر ہوگئے جس سے طلبہ کے والدین میں خوف پیدا ہوگیا ۔ ضلع رنگاریڈی کے پیرم چیرو کے علاقہ میں کورونا کی وبا سے دہشت پیدا ہوگئی ہے ۔ گردھاری اپارٹمنٹ میں 10 افراد کورونا سے متاثر ہوئے ہیں ۔ دہلی سے حیدرآباد پہونچنے والے اپارٹمنٹ کے ایک شخص کا کورونا ٹسٹ پازیٹیو برآمد ہوا اس سے دوسرے افراد کو کورونا پھیلنے کی اطلاعات ہیں ۔ جس سے سارے اپارٹمنٹ کے عوام میں ڈر و خوف پیدا ہوگیا ۔ اطلاع ملتے ہی بنڈلہ گوڑہ بلدیہ کا عملہ متحرک ہوگیا ۔ اپارٹمنٹ کو مکمل سنیٹائیز کیا گیا ۔ آج سارے اپارٹمنٹ کے لوگوں کا طبی عہدیداروں کی جانب سے ریاپیڈ ٹسٹ کیا جارہا ہے ۔ اپارٹمنٹ میں رہنے والے عوام کو کوویڈ 19 کے رہنمایانہ اصول پر سختی سے عمل آوری کرنے کی ہدایت دی گئی ہے ۔ ن