کورونا کیسوں میں ریکارڈ اضافہ کا سلسلہ جاری ‘499 نئے کیس

,

   

گریٹر حیدرآباد میں 329 اور رنگا ریڈی میں 129 کیس رپورٹ ہوئے ۔ دیگر اضلاع میں بھی نئے پازیٹیو مریض

حیدرآباد 19 جون ( سیاست ڈاٹ کام ) تلنگانہ اور گریٹر حیدرآباد میں کورونا وائرس کے کیسوں میں ریکارڈ اضافہ درج کیا جا رہا ہے ۔ آج ایک دن میں اب تک کے سب سے زیادہ 499 کیس رپورٹ ہوئے ہیں جن میں329 کا تعلق حیدرآباد سے بتایا گیا ہے جبکہ 129 کیس رنگا ریڈی سے رپورٹ ہوئے ہیں۔ آج ایک دن میں تین اموات کی بھی اطلاع ہے جس کے نتیجہ میںا ب تک ریاست میں مرنے والوں کی تعداد 198 ہوگئی ہے ۔ علاوہ ازیں آج 51 مریضوں کو علاج اور صحتیابی کے بعد ڈسچارج بھی کردیا گیا ہے اور اب تک ڈسچارج کئے گئے مریضوں کی تعداد 3,352 تک جا پہونچی ہے ۔ آج جملہ 499 کورونا وائرس پازیٹیو کیس رپورٹ ہوئے ہیں جن کے نتیجہ میں ریاست بھر میں اب تک متاثر ہونے والوں کی تعداد 6,526 ہوگئی ہے ۔ ریاست کے مختلف دواخانوں میں 2,976 مریض زیر علاج بتائے گئے ہیں۔ آج جو تعداد رپورٹ ہوئی ہے وہ کورونا وائرس کی وباء پھوٹنے کے بعد سے ایک دن کی اب تک کی سب سے زیادہ تعداد ہے ۔ گریٹر حیدرآباد کے حدود میں بھی یہ تعداد سب سے زیادہ ہے ۔ یہاں آج ایک دن میں جملہ 329 کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔ اس کے علاوہ حیدرآباد سے جڑے رنگا ریڈی ضلع میں بھی اچانک کورونا وائرس کیسوں میں اضافہ درج کیا گیا ہے اور آج ایک دن میں اب تک کے سب سے زیادہ 129 پازیٹیو کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔ علاوہ ازیںجنگاوں سے سات ‘ میڑچل ‘ منچریال اور نلگنڈہ سے چار چار ‘ محبوب نگر سے چھ کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔ سوریہ پیٹ سے دو کیس اور سنگاریڈی ‘ کریمنگر نظام آباد اور یادادری بھونگیر سے ایک ایک کیس رپورٹ ہوا ہے ۔ حالیہ دنوں میں ریاست میں کورونا وائرس کے کیسوں میں مسلسل اضافہ ریکارڈ کیا جا رہا ہے اور یہ تعداد مسلسل بڑھتی جا رہی ہے ۔ حکومت کی جانب سے لاک ڈاون میں نرمی کے بعد سے کیسوں میں اضافہ ہوگیا ہے ۔ کہا جا رہا ہے کہ عوام کی جانب سے احتیاط نہ کئے جانے سے یہ کیس بڑھ رہے ہیں۔ عوامی مقامات اور بازاروں میں لوگ ماسک کے استعمال پر زیادہ توجہ نہیں دے رہے ہیں اور نہ ہی سماجی فاصلے کا کوئی خیال رکھا جا رہا ہے ۔ سینیٹائزر کے استعمال سے متعلق بھی عوام میں زیادہ دلچسپی دکھائی نہیں دے رہی ہے اس لئے وائرس کے متاثرہ کیسوں میںاضافہ کا دعوی کیا جا رہا ہے ۔ حکومت کا کہنا ہے کہ 10 سال سے کم عمر کے بچوں اور 60 سال سے زائد عمر کے معمر افراد کو گھروں سے کسی بھی قیمت پر باہر نہیں نکلنا چاہئے کیونکہ ان کے اس وائرس سے متاثر ہونے کے اندیشے زیادہ رہتے ہیں۔ حکومت نے بتایا کہ اس نے کورونا کے علاج کیلئے جملہ 34 دواخانوں کی نشاندہی کی ہے جن میں 17,081 بستروں کی گنجائش موجود ہے ۔ ان دواخانوں میں آئیسولیشن کے بھی 10,970 بیڈس دستیاب ہیں اور آئی سی یو کے 3,227 بیڈس دستیاب ہیں۔ ان دواخانوں میں وینٹیلیٹرس بھی 460 کی تعداد میں دستیاب ہیں۔ ایسے میں عوام کو خوفزدہ اور پریشان ہونے کی بجائے احتیاط کرنے کی ضرورت ہے ۔